جہلم ویلی ، ایم این سی ایچ پروگرام کے ملازمین زبانی احکامات پر فارغ

چکوٹھی(آئی این پی)ضلع جہلم ویلی میں ایم این سی ایچ پروگرام کے ملازمین کو زبانی احکامات پر فارغ کردیاگیا، 17 سالہ سروس کے حامل ملازمین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
ا نہوں نے بچوں سمیت وزیر اعظم سیکرٹریٹ کے سامنے خود سوزیاں کرنے کا اعلان کردیا ۔ڈسٹرکٹ پریس کلب ہٹیاں بالا میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے درجہ چہارم کے ملازمین راجہ زاہد ،عزیز خان ،فوزیہ یعقوب،شبینہ لطیف،طہنیت جاوید ،رقیہ بی بی نے کہا کہ ڈی ایچ او کے زبانی احکامات پر سینٹر ز سے نکالا جارہا ہے جبکہ جون 2025 تک ہمارا بجٹ منظور شدہ ہے ، محکمہ صحت کے افسران اپنی شاہ خرچیوں اور دیگر مراعات کو تحفظ دینے کے لیے درجہ چہارم کے اٹینڈنٹوں کا روزگار چھیننا چاہتے ہیں۔ ہم 183 ملازمین گزشتہ 15 تا 17 سال سے محکمہ صحت میں خدمات انجام دے رہے ہیں ، انہوںنے وزیر اعظم آزاد کشمیر، وزیر صحت، چیف سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔