ایس بی سی اے ہیڈ کوارٹر پر اینٹی کرپشن کا چھاپہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر،آن لائن)سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کاہیڈ کوارٹر اینٹی کرپشن کے ریڈار پر آگیا۔ ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن حکام نے شہریوں کی شکایت پر ایس بی سی اے کے مال پکڑ افسران کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ اینٹی کرپشن حکام کی جانب سے ضلع شرقی میں غیر قانونی تعمیرات کے حوالے سے طلب کرنے کے باوجود ایس بی سی اے کے افسران نے حکام کو جواب نہیں دیا جس کا نوٹس لے کر گزشتہ روز اینٹی کرپشن کی ایک ٹیم نے ایس بی سی اے کت مرکزی آفس پر چھاپہ مار کر افسران سے پوچھ گچھ کی۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ اینٹی کرپشن حکام دو گھنٹے سے زائد وقت تک ایس بی سی اے کے مختلف افسران کے دفتر میں جا کر افسران اور ملازمین سے پوچھ گچھ کرتے رہے ۔محکمہ اینٹی کرپشن کے ذرائع کے مطابق سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی افسران کے خلاف رشوت ستانی کی شکایت موصول ہوئی ہیں۔ ذرائع اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ ضلع شرقی میں مبینہ بھاری رشوت کے عوض غیر قانونی تعمیرات کی شکایات ہیں۔ ذرائع کے مطابق ضلع شرقی میں 80 سے زائد پلاٹس پر غیر قانونی تعمیرات جاری ہے ۔دوسری جانب ایس بی سی اے کے زرائع نے بتایا کہ افسران کی ملی بھگت سے سب سے زیادہ غیر قانونی تعمیرات ضلع غربی اور ضلع وسطی میں کی جارہی ہیں ۔ذرائع نے بتایا کہ ضلع غربی میں ڈائریکٹر کی مبینہ ملی بھگت سے نا صرف رہائشی پلاٹوں پر کثیر المنزلہ غیر قانونی عمارتیں تعمیر کی جارہی ہیں بلکہ بعض بلڈرز سے معاملات طے کرکے سرجانی ٹاؤن میں مخصوص بلڈرز کو منظور شدہ نقشوں کے برخلاف بھی تعمیرات کی چھوٹ دے رکھی ہے جس کی وجہ سے ایک جانب معصوم شہریوں کی زندگی بھر کی جمع پونجی داو پر لگی ہوئی ہے تو دوسری طرف ایس بی سی اے کو فیسوں کی مد میں بھی بھاری مالی خسارہ اٹھانا پر رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن حکام کی جانب سے کارروائی کے دوران اہم فائلیں چیک کی گئیں اور تعمیرات کے حوالے سے اہم ریکارڈ قبضے میں لیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن کی جانب دے ایس بی سی میں خلاف ضابطہ اقدامات اور رشوت کے عوض غیر قانونی تعمیرات کے حوالے سے شکایت پر تفتیش جاری ہے ۔ادھر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ترجمان کی جانب سے اینٹی کرپشن چھاپے کی تردید کی گئی ہے ۔ ترجمان کے مطابق اینٹی کرپشن نے ہم سے صرف ریکارڈ طلب کیا ہے ، کوئی چھاپہ نہیں مارا گیا۔ ایس بی سی اے حکام اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں۔