پاسکو کی بندش، نجکاری کے مجوزہ فیصلے کیخلاف ہڑتال، مظاہرہ

لاہور(سیاسی نمائندہ)پاسکو کی بندش اور نجکاری کے مجوزہ فیصلے کے خلاف افسروں اور ملازمین نے قلم چھوڑ ہڑتال کرکے ہیڈ آفس سے لاہور پریس کلب تک ریلی نکالی اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔
آل پاکستان پاسکو سٹاف یونین کے صدرلیاقت علی بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا پاسکو 50 سال سے حکومت کے جاری کردہ نرخوں پر غریب کسانوں سے گندم خریدتا اور کسی بھی قسم کی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بروقت سپلائی کا انتظام کرتا ہے ،پاسکو ایک منافع بخش ادارہ ہے جوٹیکسوں کی شکل میں ہر سال حکومت کو کروڑوں روپے ادا کرتا ہے ۔انہوں نے کہا ہم صدر مملکت آصف علی زرداری ،وزیر اعظم شہباز شریف ، وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی رانا تنویر اور وفاقی وزیر مملکت برائے نیشنل فوڈ سکیوڑٹی ملک رشید احمد خان سے اپیل کرتے ہیں کہ پاسکو ملازمین اور ان کے ساتھ جڑے ہزاروں خاندانوں کا معاشی قتل ہونے سے روکا جائے ،بندش یا نجکاری کے مجوزہ فیصلہ کی واپسی تک پاسکوملازمین ملک گیر بھرپوراحتجاج کریں گے۔