خیبرپختونخوا ایڈوائزری کونسل کا پہلا اجلاس، عوام کو دہشتگردی نے نجات دلائیں گے: گورنر

پشاور:(دنیا نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی سربراہی میں 11 رکنی ایڈوائزری کونسل کا پہلا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں صوبے کو درپیش چیلنجز، امن و امان کی صورتحال، عوام کے تحفظ، کرپشن کے خاتمے اور سیاحت کے فروغ پر توجہ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

 گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اجلاس کے شرکا کو خوش آمدید  کہتے ہوئے کہا کہ ایڈوائزری کونسل کا یہ پہلا اجلاس ہے، جبکہ صوبے کو متعدد چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا، انہوں نے کونسل کے ارکان پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں محنت، لگن اور دلجوئی سے ادا کریں اور صوبے کی بہتری کے لیے مؤثر تجاویز پیش کریں۔

ان  کا کہنا تھا کہ امن و امان کا قیام اور عوام کا تحفظ اولین ترجیح ہے، خیبرپختونخوا کے عوام کو دہشت گردی سے نجات دلانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی استعداد کار میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔

فیصل کریم کنڈی نے کرپشن کے حوالے سے زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کو اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنا ہوں گی، ارکان پر عوام نے اعتماد کیا ہے، اس لیے انہیں اپنی کارکردگی سے اس اعتماد پر پورا اترنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے اور سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے کام کیا جائے گا، تمام متعلقہ فریقوں کو مل کر صوبے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے کوششیں کرنا ہوں گی۔

گورنر خیبر پختونخوا نے  اس عزم کا اظہار کیا کہ ایڈوائزری کونسل باہمی تعاون اور مؤثر تجاویز کے ذریعے صوبے کو درپیش مسائل کے حل اور عوام کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...