ملتان میں گندم خوردبرد کیس میں پاسکو کے افسران سمیت 6 ملزمان گرفتار
ملتان: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) ملتان نے گندم خوردبرد کے مقدمے میں پاسکو کے افسران سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں پاسکو ملتان زون کے ڈپٹی جنرل منیجر (ڈی جی ایم)، پروجیکٹ مینیجر اور ویجیلنس افسر بھی شامل ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان پر باہمی ملی بھگت سے سال 2024 کی مقامی گندم کے 25 ہزار 58 تھیلے خوردبرد کرنے کا الزام ہے، جس سے قومی خزانے کو 33 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد نقصان پہنچنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ملزمان پر سال 2022 کی درآمدی گندم کے 105.3 میٹرک ٹن کی خوردبرد کا بھی الزام ہے، اس مبینہ خوردبرد کے باعث سرکاری خزانے کو ایک کروڑ 54 لاکھ روپے سے زائد نقصان پہنچنے کا بھی الزام ہے۔
ایف آئی اے حکام کا مزید کہنا تھا کہ دونوں مقدمات میں مبینہ خوردبرد سے قومی خزانے کو مجموعی طور پر 34 کروڑ 76 لاکھ روپے سے زائد نقصان پہنچا، ملزمان کی گرفتاریاں مقدمہ نمبر 39/2026 میں عمل میں لائی گئی ہیں جب کہ ایف آئی اے ملتان نے واقعے سے متعلق مزید تفتیش شروع کردی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments