شارجہ کتاب میلہ 2026، پاکستانی شیف عالمی پکوان، ثقافتی سرگرمیوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی

شارجہ: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کے ثقافتی مرکز شارجہ میں دنیا بھر کی کتابوں کے ساتھ اب پاکستانی کھانوں کی خوشبو بھی توجہ حاصل کرے گی، شارجہ بین الاقوامی کتاب میلے کے 45ویں ایڈیشن میں پاکستانی نژاد بین الاقوامی شیف کوثر راجہ بھی شرکت کریں گی، جو عالمی پکوان اور ثقافتی پروگرام کے ذریعے پاکستان کے روایتی ذائقوں اور کھانوں کی ثقافت کو اجاگر کرنے والی سرگرمیوں کا حصہ ہوں گی۔

شارجہ میں 4 سے 15 نومبر تک جاری رہنے والے اس عالمی کتاب میلے میں اس مرتبہ ادب، علم اور ثقافت کے ساتھ مختلف ممالک کے روایتی کھانوں کو بھی خصوصی اہمیت دی گئی ہے، میلے میں قائم خصوصی کوکری کارنر میں پاکستان، متحدہ عرب امارات، بھارت اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے معروف شیفس اپنی مہارت، کھانوں کی تیاری کے طریقوں اور ثقافتی روایات کو شائقین کے سامنے پیش کریں گے۔

امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق عالمی کتاب میلے کے پروگرام میں شیف کوثر راجہ کی شرکت بھی شامل ہے، ان کی موجودگی پاکستانی کمیونٹی کیلئے خصوصی دلچسپی رکھتی ہے، کیونکہ اس بین الاقوامی پلیٹ فارم پر پاکستانی کھانوں اور ثقافتی شناخت کو دنیا بھر سے آنے والے زائرین کے سامنے متعارف کروانے کا موقع ملے گا۔

شارجہ کتاب میلے میں 126 ممالک کے 3 ہزار 212 ناشرین اور نمائش کنندگان کی شرکت کے ساتھ 17 لاکھ کتابیں پیش کی جارہی ہیں، جبکہ تقریباً 1500 ثقافتی اور تخلیقی سرگرمیاں بھی پروگرام کا حصہ ہیں، ان سرگرمیوں میں ادبی نشستوں، مصنفین سے ملاقاتوں، بچوں کے پروگراموں اور مختلف ممالک کے روایتی پکوانوں کی خصوصی پیشکشوں کو شامل کیا گیا ہے۔

پاکستانی کمیونٹی کیلئے یہ عالمی میلہ نہ صرف علم و ادب سے وابستگی بڑھانے بلکہ پاکستانی ثقافت، کھانوں اور تخلیقی صلاحیتوں کو بین الاقوامی سطح پر دیکھنے کا بھی اہم موقع ہے، شیف کوثر راجہ کی شرکت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ پاکستانی صلاحیتیں عالمی ثقافتی تقریبات میں اپنی شناخت بنا رہی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...