پنجاب اسمبلی: اپوزیشن رکن شیر شاہد جاوید کی وزیراعلیٰ پر شدید تنقید

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن رکن شیر شاہد جاوید نے کہا کہ ملک کے ٹھگوں نے بہت لوٹا ہے، میرے لیڈر کے پلیٹس لیٹس کم نہیں ہوئے جو ایک ٹیکے سے ٹھیک نہیں ہوئے۔

شیر شاہد جاوید نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی سپیڈ دیکھی اور ان کی سپیڈ ٹک ٹاک، سات سو سوٹ، میجک جوتے اور پرس سے دیکھی ہے، چیئرپرسن سمیع اللہ خان نے شیر شاہد جاوید کو وزیراعلیٰ کی ذات پر تنقید پر بات کرنے سے روک دیا، سمیع اللہ خان نے کہا کہ آپ بجٹ اور حکومت پر تنقید کریں، بجٹ پر سیاسی تنقید کریں، پوائنٹ سکورنگ کرنی ہے تو ضرور کریں۔

شیر شاہد جاوید نے کہا کہ آپ دل پر ہاتھ رکھ کر کہیں فارم سینتالیس والے نہیں ہیں، مدینہ کی ریاست میں اقلیتوں کو حقوق دیئے، پولیس کو ایک سو ستاسی ارب روپے دینے کے بجائے انڈسٹری پر خرچ کرتے، حکومتی پالیسیوں سے فیصل آباد کی ٹیکسٹائل مل ختم کر دی گئی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ فیصل آباد میں نکاسی آب بہت بڑا مسئلہ ہے، پی ٹی آئی نے ن لیگ کو فیصل آباد میں زندہ دفن کر دیا ہے، پینتالیس کروڑ روپے ایئر ایمبولینس کیلئے رکھ دیئے، میرے حلقہ میں تو موٹرسائیکل نہیں چل سکتی۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں