کے پی میں دہشتگردوں نے بندوقیں اٹھالیں، ہم کس کا گریبان پکڑیں؟ فیصل کریم کنڈی

پشاور: (دنیا نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آج دہشتگردوں نے بندوقیں اٹھالی ہیں، ہم کس کا گریبان پکڑیں؟

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہم سیاستدان بڑی مظلوم قوم ہیں جن کو فوری پکڑلیا جاتا ہے، فیض حمید کو کسی سویلین حکومت نے نہیں اپنے ادارے نے پکڑا ہے، فیض حمید قصور وار نہیں ہوں گے تو چھوڑ دیا جائے گا، دہشتگردوں کو واپس لانے میں فیض حمید کا کردار تھا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آپ نے دہشت گردوں کو خیبر پختونخوا میں آباد کیا، آج دہشتگرد بدامنی پھیلا رہے ہیں، آپ تو ریٹائرڈ ہوکر چلے گئے، ہم آج کس کا گریبان پکڑیں، 9مئی جیسا واقعہ شاید ہمارے دشمن بھی نہ کرسکیں۔

گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ شہدا نے اس ملک کیلئے قربانیاں دی ہیں، آج شہدا کے مجسموں کو توڑا جارہا ہے، کل اگر کسی چیف جسٹس کے مجسمے کی بے حرمتی ہوتو عدلیہ کیسے دیکھے گی؟ 9 مئی کے کرداروں کو سزا ہونی چاہئے، ادارے اپنی اپنی حدود میں رہ کر کام کریں تو ملک بہت اچھا چل سکتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کچھ ادارے کہتے ہیں ہمیں دوسرے ادارے کا بہت اچھے طریقے سے معلوم ہے، ہمیں آزاد عدلیہ کا بڑا احترام ہے، کیا شہید ذوالفقار علی بھٹو واپس آسکتے ہیں؟ آپ 45 سال بعد کہتے ہیں ہم سے غلطی ہوگئی، آگے بڑھنے کیلئے سب کو مل کر بیٹھنا ہوگا، سیاسی جماعتوں اور سٹیک ہولڈرز کو مل کر فیصلہ کرنا ہوگا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اگر ملک آپ نے چلانا ہے اور گالیاں سیاستدانوں نے کھانی ہیں تو پھر نہیں چل سکتا، باجے بجانے کا فورم کوئی اور ہے پارلیمنٹ نہیں، پی ٹی آئی والے مولانا فضل الرحمان کا مال غنیمت واپس کریں، اس وقت خیبر پختونخوا میں تاریخی کرپشن ہورہی ہے، خیبرپختونخوا میں ہر پوسٹ کا نرخ نامہ لگا ہوا ہے۔

گورنر کے پی کا کہنا تھا کہ صوبے میں کرپشن کے ذمہ دار وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ہیں، وزیراعلیٰ اپنے لیڈر کے نقش قدم پر نہیں چل رہے، سب کچھ خود ہڑپ کرنا چاہتے ہیں، میرے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپنا اعتماد کھوچکے ہیں، وزیراعلیٰ جلد از جلد اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ لیں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں