امپورٹڈ کوئلے سے مہنگے بجلی گھر لگانے والوں نے ہمیں سستی بجلی بنانے سے روکا: مراد علی شاہ

دادو: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ امپورٹڈ کوئلے اور ایل این جی پر مہنگے بجلی گھر لگانے والوں نے ہمیں سستی بجلی بنانے سے روکا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مین نارا ویلی ایم این وی ڈرین کا دورہ کیا، انہوں نے کہا کہ ہم سندھ کے لوگوں کے مفاد میں بات کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے، سندھ کی عوام نے پیپلزپارٹی پر ہمیشہ اعتماد کیا ہے، چیئرمین بلاول بھٹو اور صدر آصف زرداری کی ہدایت پر بجلی بحران کا مستقل حل نکالیں گے۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت کو ونڈ اور سولر انرجی پر پاور پلانٹ لگانے سے روکنے والے اب وہ شمسی توانائی سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، وفاق کے پاس سندھ کے لوگوں کے تحفظ کیلئے ایم این وی ڈرین بنانے کیلئے رقم نہیں ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایم این وی ڈرین بنانا وفاق کی ذمہ داری ہے، میں ایم این وی ڈرین پر موجود ہوں یہاں اسکی خستہ حالت پر احتجاج ہو رہا ہے، وفاق سے ہمیں کہا گیا کہ پیسے نہیں ہیں مگر بجلی کی مد میں ایک صوبے کو ریلیف دینے کیلئے رقم کہاں سے آگئی؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایم این وی ڈرین کے کمزور پشتوں کو مضبوط کرنے کیلئے محکمہ آبپاشی کو ہدایت دی ہیں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں