پاکستان اور بیلا روس کا دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم

منسک: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جمہوریہ بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو سے ملاقات ہوئی، ملاقات بیلاروس کے شہر منسک میں ہوئی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں تجارتی و پارلیمانی روابط سمیت دو طرفہ تعلقات کے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کے بیلاروس کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں، مستقبل میں پاکستان، بیلاروس دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔

بیلاروس کے صدر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ قریبی دو طرفہ تعلقات کو نہایت اہمیت دیتے ہیں، انہوں نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

ملاقات کا اختتام دونوں طرف سے شکریہ کے کلمات پر ہوا، دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات سپیکر قومی اسمبلی کی قیادت میں پارلیمانی وفد کے بیلاروس کے سرکاری دورے کا حصہ ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں