چیئرمین این آئی آرسی شوکت صدیقی کا عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ واپس

اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )چیئرمین این آئی آر سی جسٹس (ر)شوکت عزیز صدیقی نے عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ واپس لے لیا۔سیکرٹری وزارت سمندر پار پاکستانیز ڈاکٹر ارشد محمود نے چیئرمین این آئی آر سی جسٹس ریٹائرڈ شوکت عزیز صدیقی سے ملاقات کی اور عہدہ چھوڑنے کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست کی۔
انہوں نے جسٹس (ر)شوکت عزیز صدیقی کی بطور چیئرمین این آئی آر سی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران ورکرز کے زیر التواء کیسز کو نمٹایا اور انصاف کی تیز ترین فراہمی کو یقینی بنایا گیا، ورکرز کے مسائل کے حل میں این آئی آر سی کا کلیدی کردار ہے ،سیکرٹری وزارت سمندر پار پاکستانیز نے ورکرز کے مفاد میں جسٹس (ر)شوکت عزیز صدیقی سے عہدہ نہ چھوڑنے کی درخواست کی، جسٹس (ر) شوکت عزیز صدیقی نے ان کی درخواست پر اپنے فیصلے پر نظر ثانی کر تے ہوئے ورکرز کی بہتری، فلاح و بہبود کیلئے بطور چیئرمین این آئی آر سی کام جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔ اس سے قبل جسٹس ریٹائرڈ شوکت عزیز صدیقی نے عہدے سے الگ ہونے کے لیے ایک ماہ کا نوٹس دیا تھا۔ وفاقی کابینہ نے جسٹس ریٹائرڈ شوکت عزیز صدیقی کو دسمبر 2024 میں تین سال کیلئے چیئرمین این آئی آر سی مقرر کیا تھا۔