ہنجروال ،10سالہ گھر یلو ملازمہ مبینہ تشدد سے جاں بحق،میاں بیوی گرفتار

ہنجروال ،10سالہ گھر یلو ملازمہ مبینہ تشدد سے جاں بحق،میاں بیوی گرفتار

لاہور(کرائم رپورٹر،خبر نگار،دنیا نیوز،نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور میں 10سالہ گھریلو ملازمہ مالکان کے مبینہ تشدد سے جاں بحق ہو گئی،پولیس نے بچی پر تشدد کے الزام میں مالک میاں بیوی کو گرفتار کرلیا۔

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

 پولیس حکام کے مطابق واقعہ لاہور کے علاقے ہنجروال میں پیش آیا، سونیا گزشتہ 3 ماہ سے فرخ بٹ کے گھر 8 ہزار روپے ماہوار پر ملازمت کر رہی تھی، سونیا کے والدین نے الزام عائد کیا کہ نوشین  فرخ اور فرخ بٹ نے ان کی 10 سالہ بیٹی پرتشدد کیا، تشدد کے بعد مالکان بچی کو ہسپتال نہیں لے کر گئے ، ملزموں نے فون پر بتایا کہ بچی کے بازو پر معمولی چوٹ آئی ہے ۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق بچی کے والدین نے کہا انہوں نے اپنے ایک رشتہ دار کو مالکن نوشین کے گھر بھجوایا، رشتہ دار نے مالکن اور اس کے خاوند کو بچی پر ڈنڈوں کے ساتھ تشدد کرتے دیکھا، جب ہم عارف والا سے لاہور پہنچے تو بچی مردہ حالت میں پڑی تھی، بچی کے چہرے اور پورے جسم پر تشدد کے نشانات ہیں،مرنے والی بچی کی والدہ رابعہ نے کہا کہ گھر میں کام ٹھیک نہ کرنے پر میری بچی کو مالکن نوشین اور خاوند فرخ بٹ نے ناحق قتل کیا اور ملزم میری بچی کو تشدد کرنے کے بعد ہسپتال نہیں لے کر گئے جس سے اس کی جان چلی گئی، اعلیٰ پولیس افسر مجھے انصاف فراہم کریں۔بچی کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد لواحقین کے حوالے کر دی گئی،ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچی پر تشدد کی تصدیق ہوگئی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مالکن نوشین اور خاوند فرخ بٹ کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے جب کہ مقدمہ تفتیشی پولیس کو منتقل کر دیا گیا۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہنجروال میں تشدد سے کمسن ملازمہ کے جاں بحق ہونے کے واقعے کا نوٹس لے لیا، اور سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی۔وزیر محنت فیصل ایوب کھوکھر نے کہاسونیا کے کیس کی مکمل قانونی پیروی کی جائے گی اور متاثرہ خاندان کو ہر ممکن قانونی معاونت فراہم کی جائے گی،گھریلو ملازمہ پر تشدد ایک انسانیت سوز جرم ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں