سندھ حکومت بات چیت سے مسائل کا حل نکالے ، عظمیٰ
لاہور(سٹاف رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک) صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت اپنی اداؤں پر غور کرے اور بات چیت سے مسائل کا حل نکالے ۔
لاہور پریس کلب ہاؤسنگ سکیم ایف بلاک میں بجلی کی تنصیب کے افتتاح پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا میں نے بار بار کہا ہے کہ بیٹھ کر معاملات حل کرلیں، پتہ نہیں سندھ کا کیا مسئلہ ہے ، پھر یہی بات کروں گی کہ مل بیٹھ کر بات کرلیں۔ میرے ایک آدھ جملے سے سندھ حکومت کو بہت تکلیف ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا بانی پی ٹی آئی پہلے دن سے این آر او کیلئے بھیک مانگ رہے ہیں مگر کوئی سننے کو تیار نہیں۔ وہ کہتے ہیں ہم بات چیت کرنا چاہتے ہیں، نو مئی معاف کر دیں، اس میں قوم کا مفاد کہاں ہے ؟ کیابانی کی اہلیہ کی ہیروں کی کرپشن قوم کا مفاد ہے ؟۔ قوم کا مفاد مسلم لیگ ن سے وابستہ ہے ، وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب قوم کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا بلوچستان کے مسئلے کو نواز شریف نے سیاسی طریقے سے حل کیا تھا، اسے دوبارہ حل کرینگے ۔ جس طرح پہلے اندرونی و بیرونی سازشوں کو ناکام بنایا، اب بھی ناکام بنائینگے ۔ کچھ سیاستدان ایسے ہیں جو بی ایل اے والوں کی لاشیں لینے پہنچ جاتے ہیں۔
وہ بھی ملک کیساتھ مخلص نہیں۔ عظمیٰ بخاری نے کہاصحافی کالونی فیز ٹو وزیر اعلیٰ مریم نواز کے اپنی چھت اپنا گھرپروگرام کا تسلسل ہے ، کالونی میں 36 کروڑ سے پانی، بجلی ودیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائینگی۔ پریس کلب میں سولر بیک اپ کو بڑھایا جائے گا ، کینٹین، انشورنس اور سبسڈی سکیموں کو بھی مزید بہتر بنایا جائے گا، خود کو صحافی برادری کا حصہ سمجھتی ہوں ،صحافیوں کی بہبود کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گی۔ صحافی کالونی کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنانے کیلئے روڈا منصوبے کے تحت کام جاری ہے ۔ حکومت صحافیوں کو زمین خود الاٹ کرے گی، انہیں صرف تعمیراتی چارجز ادا کرنے ہونگے ۔ ایف بلاک کے دیرینہ مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ عظمیٰ بخاری نے یہ بھی اعلان کیا کہ گندم کی نقل و حمل پر اب کوئی پابندی نہیں ،کسانوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا ۔ اس موقع پرسیکرٹری اطلاعات پنجاب طاہر ہمدانی نے کہا صحافی کالونی کا خواب اب حقیقت میں بدل رہا ہے ۔ صحافی برادری کے ساتھ حکومت کا مضبوط رشتہ ہے اور باہمی تعاون سے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں۔صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے کہا صحافی برادری چاہتی ہے کہ فیز ٹو کا افتتاح مریم نواز خود کریں۔ انہوں نے حکومت پنجاب کا صحافیوں کی بہبود کے اقدامات پر شکریہ ادا کیا۔