ایران: مظاہرین پر کریک ڈائون کی مذمت کرنے والی اداکارہ الناز کو قید کی سزا

نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکا میں قائم ایک غیر سرکاری تنظیم نے بتایا ہے کہ ایران کی معروف اداکارہ الناز شاکردوست کو جنوری میں حکومت مخالف مظاہروں کے دوران کریک ڈاؤن میں ہلاک ہونے والے مظاہرین کی حمایت کرنے پر ایک سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق دو دہائیوں پر محیط اپنے فلمی کیریئر کے دوران درجنوں فلموں میں اداکاری کرنے والی الناز شاکردوست نے فروری میں کہا تھا کہ وہ ملک گیر احتجاج کے خلاف حکومتی کریک ڈاؤن میں ہزاروں افراد کی ہلاکت کے بعد ایران میں دوبارہ کبھی اداکاری نہیں کریں گی۔

امریکا میں قائم انسانی حقوق کے کارکنوں کی خبر رساں ایجنسی ہرانا اور آزاد میڈیا ادارے امتداد کے مطابق اداکارہ کو سنائی گئی سزا کے خلاف اپیل بھی مسترد کر دی گئی ہے، یہ خبر اداکارہ کے وکیل سے گفتگو کے بعد دی گئی۔

میڈیا ادارے امتداد مطابق سزا میں دو سال تک سیاسی، فنکارانہ اور آن لائن سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی بھی شامل ہے۔

خیال رہے کہ اس بارے میں کوئی معلومات دستیاب نہیں ہیں کہ الناز شاکردوست اِس وقت کہاں ہیں؟

پیرس میں اداکارہ کی ایک دوست نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ الناز شاکر دوست اِس وقت جیل میں نہیں ہیں، تاہم وہ اس بات کی تصدیق نہیں کر سکیں کہ اداکارہ ایران میں ہیں یا ملک سے باہر، الناز شاکردوست پر اسلامی جمہوریہ کے خلاف پروپیگنڈا سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

اداکارہ نے فروری میں اپنی ایک پوسٹ میں لکھا تھا کہ اپنے پیاروں کے سوگ میں ہوں چنانچہ ایسے میں کون سا تہوار اور کیسی خوشی؟ میں کسی جشن میں شرکت نہیں کروں گی اور نہ ہی دوبارہ کبھی اس سرزمین پر کوئی کردار ادا کروں گی جس سے لہو کی بو آتی ہے۔

جنوری میں ایرانی حکام نے ملک بھر میں ہونے والے ان مظاہروں کو سختی سے کچل دیا تھا جو مہنگائی اور پڑھتے ہوئے روزمرہ اخراجات کے خلاف شروع ہوئے تھے۔

انسانی حقوق کی تنظیموں کا اندازہ ہے کہ ان مظاہروں کے دوران دسیوں ہزار افراد ہلاک ہوئے، ایرانی حکومت نے تین ہزار سے زائد ہلاکتوں کا اعتراف کیا ہے، تاہم اس کا مؤقف ہے کہ یہ ہلاکتیں مظاہرین کی کارروائیوں اور امریکہ و اسرائیل کی مبینہ منصوبہ بندی کے نتیجے میں ہوئیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...