محسن نقوی کا ترقیاتی منصوبوں کا دورہ، 31 دسمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری نے مارگلہ روڈ کی موٹروے تک توسیع اور سنگجانی انٹرچینج کے منصوبوں کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ دونوں منصوبوں پر ڈبل شفٹ میں کام جاری رکھا جائے اور تعمیراتی کاموں کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ منصوبے ہر صورت 31 دسمبر تک مکمل کیے جا سکیں۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ منصوبوں کی تکمیل سے اسلام آباد کے شہریوں کو موٹروے تک آمدورفت کے لیے ایک متبادل راستہ میسر آئے گا، جس سے شہریوں کو سفری سہولت فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ تمام تجاوزات ایک ہفتے کے اندر ختم کی جائیں، جبکہ منصوبوں کی تکمیل میں حائل تمام رکاوٹیں فوری طور پر دور کی جائیں، دورے کے دوران کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے حکام نے وفاقی وزیر داخلہ کو منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ مارگلہ روڈ سے سنگجانی انٹرچینج تک منصوبے کی مجموعی لمبائی 2.7 کلومیٹر ہے، جبکہ منصوبے میں ایک انڈر پاس اور ایک انٹرچینج بھی شامل ہے۔

حکام کو ہدایت کی گئی کہ مقررہ مدت میں منصوبوں کی تکمیل یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور تعمیراتی کام میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہونے دی جائے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...