طالبہ لائبہ خود کشی کیس میں اہم پیش رفت، ایف آئی اے میں مقدمہ درج
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت میں طالبہ لائبہ اعجاز خود کشی کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ، ایف آئی اے نے دو افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے امریکہ کا ویزا فراہم کرنے اور اسکالرشپ دلوانے کے بہانے 93 لاکھ روپے وصول کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا، مقدمے میں محمد نعمان اور فاطمہ سرور کو نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے متاثرہ خاندان کو اعتماد میں لینے کے لیے جعلی سکالرشپ ایوارڈ لیٹرز، یونیورسٹی ایڈمیشن آفر لیٹرز اور فیس کی ادائیگی کی رسیدیں تیار کیں اور ان دستاویزات کے ذریعے خاندان کو دھوکے میں رکھا۔
اِسی طرح ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ وصول کی گئی رقم میں سے 29 لاکھ روپے لائبہ اعجاز کے بینک اکاؤنٹ کے ذریعے ادا کیے گئے، جبکہ باقی رقم نقد وصول کی گئی۔
مقدمے کے متن میں لکھا گیا اس مبینہ مالی دھوکہ دہی اور اس کے نتیجے میں پیش آنے والی ذہنی اذیت کے دوران متاثرہ طالبہ لائبہ اعجاز انتقال کر گئیں۔
دوسری جانب اس واقعے نے بیرونِ ملک تعلیم کے خواہش مند طلبہ اور ان کے اہلِ خانہ کو ویزا اور سکالرشپ کے نام پر ہونے والے مبینہ فراڈ کے خطرات کی جانب متوجہ کر دیا ہے۔
ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 419، 420 اور 109 سمیت امیگریشن آرڈیننس کی دفعات 18 اور 22 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments