عمران کا ضمانتوں کی جلد سماعت کیلئے عدالت سے رجوع

عمران کا ضمانتوں کی جلد سماعت کیلئے عدالت سے رجوع

لاہور، اسلام آباد (کورٹ رپورٹر، عدالتی رپورٹر، اپنے نامہ نگار سے )بانی پی ٹی آئی نے جناح ہاؤس حملہ سمیت نو مئی کے 8 مقدمات میں درخواست ضمانتوں کی جلد سماعت کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

بانی پی ٹی آئی نے اپنے وکیل بیرسٹر سلمان  صفدر کی وساطت سے متفرق درخواستیں دائر کر دیں۔ درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو سیاسی انتقام کے لیے سازش کا الزام لگاکر مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے ، دو رکنی بینچ نے 24 مارچ کو کیسز سماعت کے لیے مقرر کیے تھے ، 24 مارچ کو بینچ کی عدم دستیابی کے باعث سماعت نہ ہو سکی اور کاز لسٹ منسوخ کر دی گئی، درخواستوں میں استدعا کی گئی کہ عدالت نو مئی کے آٹھ مقدمات میں درخواست ضمانتوں کو جلد سماعت کے لیے مقرر کرے ۔ بانی پی ٹی آئی نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطلی کی درخواست جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی متفرق درخواست دائر کر دی۔عمران خان نے بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا، درخواست میں وفاق اور چیئرمین نیب کو فریق بنایا گیا ہے ۔درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ 24 مارچ کو سزا معطلی کا کیس سماعت کیلئے مقرر تھا، مرکزی وکیل قتل کے مقدمے میں سپریم کورٹ میں مصروف تھے ، عدالت نے مختصر کاز لسٹ کی وجہ سے سزا معطلی درخواست بھی عید کے بعد تک ملتوی کر دی۔دائر درخواست میں استدعا کی گئی کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سزا معطلی کی درخواست مرکزی اپیل کے ساتھ عید سے قبل مقرر کی جائے ۔ انسداد دہشت گردی عدالت میں 9 مئی کو تھانہ شادمان نذرآتش سمیت 4 مقدمات اور شیر پائو پل پر تقاریر اور جلاؤ گھیراؤ کیس کے جیل ٹرائل ہوئے ۔

عدالت نے گواہان کو طلب کرتے ہوئے مقدمات کی سماعت ملتوی کردی۔انسداد دہشت گردی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں سماعت کی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر پراسیکیوشن کے گواہان کو ملزموں کے خلاف شہادت دینے کے لئے طلب کر لیا۔عدالت میں پراسیکیوشن کے 5 گواہان پر جرح مکمل کردی گئی۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 7 اپریل تک ملتوی کردی۔ عدالت نے پراسیکیوشن کے مزید گواہان کو شہادت قلم بند کرنے کے لئے طلب کر لیا. شاہ محمود قریشی سمیت دیگر رہنماؤں کو جیل سے لا کر پیش کیا گیا. انسداد دہشت گردی عدالت میں 9 مئی کو تھانہ شادمان نذرآتش اور عسکری ٹاور حملہ سمیت دیگر مقدمات میں یاسمین راشد کی 4 مقدمات میں بعد از گرفتاری درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی. عدالت نے درخواستوں پر دلائل طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت آج تک ملتوی کردی۔انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے عمران خان کو کتابوں کی عدم فراہمی اور بچوں سے بات نہ کروانے کے کیس میں اڈیالہ جیل حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔بانی پی ٹی آئی کی درخواستوں پر سماعت اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ نے کی ۔پبلک پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے بانی پی ٹی آئی کی درخواستوں پر اعتراض اٹھا دیا، عدالت نے اڈیالہ جیل حکام سے رپورٹ طلب کرکے سماعت آج تک ملتوی کردی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں