ایران :ورکشاپ پر حملہ،8پاکستانی مکینک قتل:سرحد کے قریب سیستان بلوچستان صوبے میں ہاتھ پاؤں باندھ کر نشانہ بنایا گیا،مقتولین کا تعلق بہاولپور سے تھا

ایران :ورکشاپ پر حملہ،8پاکستانی مکینک قتل:سرحد  کے قریب سیستان بلوچستان صوبے میں ہاتھ پاؤں باندھ کر نشانہ بنایا گیا،مقتولین کا تعلق بہاولپور سے تھا

کوئٹہ،اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوز ایجنسیاں )ایران میں پاک ایران سرحد کے قریب دہشت گرد تنظیم نے فائرنگ کر کے 8پاکستانیوں کو قتل کر دیا ،جاں بحق افراد کا تعلق پنجاب کے ضلع بہاولپور سے تھا،ان پاکستانیوں کو ایرانی صوبے سیستان بلوچستان میں قتل کیا گیا ۔

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

پاکستان مخالف دہشت گرد تنظیم کی جانب سے نشانہ بنایا گیا۔ایرانی حکام نے تفتیش شروع کردی ۔تفصیلات کے مطابق افسوسناک واقعہ صوبہ سیستان بلوچستان کے ضلع مہرستان کے گاؤں حائض آباد میں پیش آیا،تمام مقتولین کو ہاتھ پاؤں باندھ کر گولیاں ماری گئیں،مقتولین ایک ورکشاپ میں رہائش پذیر تھے ۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے رات کے وقت ورکشاپ میں گھس کر فائرنگ کی، یہ ورکشاپ پالش، پینٹنگ اور کار مرمت کا مرکز تھی، جاں بحق افراد میں دِلشاد، اْس کا بیٹا نعیم، جعفر، دانش اور ناصر شامل ہیں ۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ پاکستانی موٹر میکینکس تھے ۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے لاشیں جائے وقوعہ سے برآمد کر لیں ۔حملہ آوروں کی شناخت تاحال نہ ہو سکی۔۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قانونی کارروائی کے بعد لاشیں پاکستان بھجوانے کے اقدامات کیے جائیں گے ۔ادھر ایرانی حکام نے تفتیش کا آغاز کر دیا ۔

وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے اور مرحومین کی مغفرت اور اہلخانہ کیلئے صبر کی دعا کی ہے ۔اپنے بیان میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کا ناسور خطے میں موجود تمام ملک کیلئے تباہ کن ہے ، خطے کے ممالک کو ملکر دہشتگردی کے خلاف مربوط حکمت عملی پرعملدرآمد کرنا ہوگا۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایرانی حکومت ملزموں کو فوری طور پر گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دے ۔وزیر اعظم نے وزارت خارجہ کو اہلخانہ سے رابطہ کرنے اور میتوں کی واپسی کیلئے اقدامات کی ہدایت بھی کی ہے ۔دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ افسوس ناک واقعے سے آگاہ ہیں، ایرانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں، پاکستانی سفارت خانہ مزید تفصیلات حاصل کر رہا ہے ،حقائق اور تصدیق شدہ معلومات ملنے پر ہی کوئی ردعمل دیں گے ۔ واقعے کے بعد پاکستان کے سفارتخانہ کے افسروں کو جائے حادثہ کی جانب روانہ کر دیا گیا تھا ، جاں بحق ہونے والوں میں سے کچھ کی شناخت کرلی گئی ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی سفارتخانہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور متاثرین کے اہلخانہ کیلئے ضروری اقدامات کر رہا ہے ۔یاد رہے اس سے قبل پچھلے سال جنوری میں بھی 9 پاکستانیو ں کو ایران کے صوبہ سیستان میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں