علی امین اور بیرسٹر سیف کو عمران خان نے مذاکرات کا ٹاسک دیدیا

علی امین اور بیرسٹر سیف کو عمران خان نے مذاکرات کا ٹاسک دیدیا

راولپنڈی(خبرنگار، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور اور بیر سٹر سیف کی اڑھائی گھنٹے طویل الگ الگ خصوصی ملاقاتیں ہوئیں۔ بانی پی ٹی آئی نے علی امین کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کی اجازت دیدی۔

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

کے پی کے سے متعلق تمام معاملات پر علی امین گنڈا پور خود مختار ہو نگے۔ بدھ کی دوپہر دو بجے علی امین گنڈاپور سرکاری پروٹوکول میں اڈیالہ جیل پہنچے ان کے ہمراہ سنیئر مشیر بیرسٹر سیف بھی تھے۔ جیل ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے دونوں رہنمائوں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں ۔جیل کے کانفرنس روم میں ہونے والی ملاقاتوں میں سب سے پہلے بیرسٹر سیف کی ملاقات ہوئی اس کے بعد علی امین گنڈا پور کی ملاقات ہوئی ۔ علی امین ساڑھے چاربجے کے بعد جیل سے واپس روانہ ہو گئے ۔ملاقاتوں کے حوالے سے ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق علی امین گنڈاپور نے بانی پی ٹی آئی کو کے پی کے حکومت کی کارکردگی کی رپورٹ پیش کی ۔ بانی پی ٹی آئی نے وزیر اعلیٰ کی کارکردگی کو سراہا اور فلاحی منصوبوں کی تعریف کی ۔ سپیکر اسمبلی اور اعظم سواتی کے حوالے سے معاملہ کو خود حل کرنے کی ہدایت کی ۔ مجموعی طور پر علی امین کی کارکردگی کو سراہا اور کے پی کے سے متعلق تمام معاملات میں فیصلہ کرنے کا اختیار بھی دیا ۔ ملاقات میں قیادت پر سوشل میڈیا پر جاری بے جا تنقید بھی زیر بحث آئی،ملاقات میں اداروں سے ٹکراؤ کی پالیسی پر نظر ثانی پر بھی بات ہوئی، بانی پی ٹی آئی نے علی امین گنڈا پور اور بیرسٹر سیف کو اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا ٹاسک دے دیا،آنے والے چند دنوں میں علی امین گنڈا پور بانی پی ٹی آئی سے ایک اور ملاقات کرینگے ، ملاقات میں پارٹی معاملات سمیت تمام امور پر بھی بات چیت کی گئی، بیر سٹر سیف اور گنڈاپور نے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی کو اپنے نقطہ نظر پر قائل کیا۔

دوسری طرف عید کے دنوں میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے فیملیز ملاقات کے لئے نہ آئیں عید کے دوسرے دن اعظم سواتی ، نادیہ خٹک اور مبشر مقصود اعوان کی ملاقات ، سلمان اکرم راجا کی دی گئی فہرست پر ملاقات نہ ہو سکی ۔ عید کے دوسرے دن بانی پی ٹی آئی سے ملاقات سے قبل گیٹ 5 پر تنازع کھڑا ہوگیا۔بانی سے ملاقات کے لیے نامزد کوارڈنیٹر سلمان اکرم راجہ کو ملاقات کی اجازت نہ ملی جبکہ اعظم خان سواتی، نادیہ خٹک، تابش فاروق، مبشر اعوان اور انصر کیانی کو اجازت مل گئی ۔سلمان اکرم راجا نے کہا کہ یہ کیسے ہوسکتا ہے میں نے نام دئیے اور مجھے ہی ملاقات کی اجازت نہیں ملی۔سلمان راجہ اجازت نہ ملنے پر ساتھیوں سمیت گیٹ پانچ پر موجود رہے ۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کے بعد اعظم خان سواتی، مبشر اعوان اور نادیہ خٹک جیل سے باہر آئے اور اعظم سواتی اور سلمان اکرم راجا میں طویل مشاورت ہوئی ۔باقی رہنمائوں کو مشاورت میں شامل ہونے سے روک دیا گیا ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم خان سواتی نے کہا کہ میری بانی پی ٹی آئی سے دیگر دو لوگوں کے ہمراہ ملاقات ہوئی ہے ۔بانی کو بتایا سلمان اکرم راجا آپ کا سودا نہیں کرے گا۔میں نے بانی کو مانسہرہ کی کرپشن کے معاملات پر بتایا۔میں نے بانی کو بتایا کمیٹی کے معاملات سامنے لائے جائیں۔بانی نے کہا ہے کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے تو سپیکر کے پی اسمبلی کو مستعفی ہوجانا چا ہئے ۔پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے تیسری عید اڈیالہ جیل میں گزار ی ۔بعض میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز اعظم سواتی خاص پیغام لے کر اڈیالہ جیل گئے تھے اور اعظم سواتی کی ملاقات علی امین گنڈا پور نے مینیج کی تھی۔

اعظم سواتی نے ملاقات کے بعد بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جلد رہائی کا دعویٰ بھی کیا ان کا کہناتھا کہ عمران خان پرامیدہیں کہ وہ آئندہ عید پر عوام کے درمیان ہونگے ۔ذرائع کے مطابق اعظم سواتی نے بھی سابق وزیراعظم سے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کی رضامندی مانگی، عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کی حامی نہیں بھری تاہم بشری بی بی اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات پر رضا مند ہیں۔سکیو رٹی وجوہات کے باعث بانی پی ٹی آئی عمران خان نماز عید ادا کرنے کے لیے جیل سے باہر نہیں جا سکے ۔اڈیالہ جیل کی مرکزی جامع مسجد میں عید کی نماز ادا کی گئی جس میں جیل کے قیدیوں، حوالاتیوں اور جیل افسروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تاہم بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشری ٰبی بی اپنے اپنے سیل میں ہی بند رہے اور وہ نماز عید میں شریک نہیں ہو سکے ۔عید الفطر کی نماز کے بعد ڈیرہ اسماعیل خان میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی جرات اور بہادری سے لوگ حواس باختہ ہیں اور ہم عمران خان کی باعزت رہائی کے لئے ہر حد تک جائیں گے اور وہ باعزت بری ہوں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں