طاغوتی طاقتیں مسلمانوں کیخلاف کوشاں ہیں :علامہ ارشد

ماموں کانجن(نمائندہ دنیا )تحریک منہاج القرآن انٹر نیشنل کے سکالر ڈاکٹر علامہ ارشد محمود مصطفوی نے کہا ہے کہ طاغوتی طاقتیں مسلمانوں کے دلوں سے قرآن اور صاحب قرآن کی قدرومنزلت نکالنے کیلئے تمامتر توانائیاں استعمال کررہی ہیں۔۔۔
جن میں سوشل میڈیا ان کا ایک بڑا ہتھیار ہے ، انہوں نے ان خیالات کااظہار تحریک منہاج القرآن ماموں کانجن کے زیر اہتمام الریاض پیلس میں منعقدہ سالانہ چھ روزہ دروس عرفان القرآن کی دوسری نششت سے \"سیرت النبی ؐاور عصر حاضر\"کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا جوکچھ سائنس آج بتارہی وہ ہمارے آقا حضرت محمدؐ نے 15سو سال پہلے بتادیا تھا ،ہم قرآنی تعلیمات سے روگردانی کے باعث بہت بری طرح عالم طاغوت کے پنجہ استبداد میں پھنس چکے ہیں، یہی وجہ ہے ہماری نسلیں دین اسلام سے دور ہوتی جارہی ہیں جو لمحہ فکریہ ہے ۔ علامہ ارشد محمود مصطفوی نے کہا کہ ہمیں اپنی نئی نسلوں پر خصوصی توجہ دیکر انہیں سیرت مصطفی ؐپڑھانی ہو گی ،اگر قوم مصطفوی انقلاب کاسورج طلوع ہوتا دیکھنا چاہتی ہے تو تحریک منہاج القرآن میں شامل ہو جائے ۔ واضع رہے گزشتہ روز منعقدہ نشست میں ضلعی ناظم تحریک عبدالستارقیصر، محمد اشرف محمدی،محمد شعیب قادری اور راناعبدالمجید قادری نے نقابت کے فرائض سرانجام دیئے ، تقریب کے آخر میں قرعہ اندازی کے ذریعے 10 افراد میں عرفان القرآن گفٹ کئے گئے ، دروس اگلے چار روز تک جاری رہیں گے ۔