دہشتگردی کے واقعات ملک دشمن عناصر کی سازش :آزاد تبسم

چک جھمرہ ،بلوچنی(نامہ نگار،نمائندہ دنیا ) پاکستان مسلم لیگ ن ضلع فیصل آباد کے جنرل سیکرٹری و سابق ایم پی اے آزادعلی تبسم نے کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں جعفر ایکسپریس پر حملہ اور دہشت گردی کے دیگر واقعات ملک دشمن عناصر کی سازش ہیں۔۔۔
وہ پاکستان کو کمزور کرنا چاہتے ہیں،پاک فوج اور دیگر سکیورٹی ادارے ان دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کو بھرپور طریقے سے ناکام بنا رہے ہیں ۔روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز کے افسر و اہلکار اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ملک و قوم کی حفاظت کر رہے ہیں جس پر پوری قوم پاک فوج اوردیگر سکیورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ،ان کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں ۔سابق رکن پنجاب اسمبلی آزاد علی تبسم نے مزید کہا کہ پاک فوج پر بلاوجہ منفی پروپیگنڈا کرنے والے کبھی بھی محب وطن پاکستانی نہیں ہو سکتے ،اس وقت تمام جماعتوں کو چاہئے کہ وہ حکومت کا بھرپور ساتھ دیں،وہ وقت دور نہیں جب حکومت پاکستان 2013 کی طرح دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے گی۔