مسابقتی کمیشن نے اولمپیا سنتھیٹکس کی اولمپیا انڈسٹریز میں انضمام کی منظوری دے دی

اسلام آباد(دنیا ر پورٹ ) کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان نے میسرز اولمپیا سنتھیٹکس لمیٹڈ (او ایس ایل) کے میسرز اولمپیا انڈسٹریز (پرائیویٹ) لمیٹڈ (او آئی ایل) میں انضمام کی منظوری دے دی ۔
انضمام کی منظوری کمپٹیشن ایکٹ 2010 کی دفعہ 11 کے تحت دی گئی ہے ۔ انضمام او آئی ایل، ایک پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی جو سنتھیٹک کارپٹ، پولی ایسٹر فیلٹ، سنتھیٹک یارن اور نِٹڈ فیبرک بناتی ہے ، میں ضم کرنے سے متعلق ہے ۔ یہ لین دین شیئر سویپ کے معاہدے کے تحت مکمل کیا جائے گا۔کمیشن نے اپنی جانچ کے دوران پاکستان میں متعلقہ مصنوعات کی منڈیوں، یعنی بلک فیلامنٹ یارن اور ری سائیکل شدہ پولی ایسٹر فائبر، پر اس انضمام کے ممکنہ مسابقتی اثرات کا جائزہ لیا چونکہ دونوں کمپنیاں عمودی طور پر مربوط ہیں اور ایک ہی شیئر ہولڈرز کے زیرِ انتظام ہیں اور چونکہ او ایس ایل اپنی پیداوار کا تقریبا ً تمام حصہ او آئی ایل کو فراہم کرتا ہے اس لئے کمیشن نے قرار دیا کہ یہ انضمام متعلقہ منڈیوں میں غلبہ حاصل کرنے یا اس کو مضبوط بنانے کا باعث نہیں بنے گا۔