مظفر آباد، وفاقی محتسب سیکرٹریٹ میں پی ٹی اے کیخلاف شکایات کے انبار

مظفرآباد(آئی این پی)وفاقی محتسب سیکرٹریٹ مظفرآباد میں پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی کیخلاف شکایات کے انبار لگ گئے جس کے بعد پی ٹی اے حکام کو مظفرآباد طلب کرلیا گیا۔
کمشنر وفاقی محتسب آزادکشمیرریجنل ہیڈ منصور قادر ڈار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کا حل اولین ترجیح ہے ، صرف چھ ماہ کے دوران 850شکایت دہندگان کے مسائل حل کیے ۔صرف چار افرادکے سٹاف پرمشتمل ریجنل آفس نے اب تک بہترین کارکردگی دکھائی ہے ۔ منصورقادر ڈار نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ کسی بھی وفاقی ایجنسی یاادارہ کیخلاف کسی بھی قسم کی بدعنوانی کی شکایت ہو تو عوام ایک سادہ کاغذ پر درخواست شناختی کارڈ کی کاپی اور موبائل نمبر کے ہمراہ ہمارے دفتر میں جمع کرواسکتے ہیں،اور جو افراد دفتر نہیں آسکتے وہ لینڈ لائن فون نمبر05822-940241یا وفاقی سطح پرقائم مفت ہیلپ لائن 1055پرکال کرسکتے ہیں۔