سکھ دور کی حویلی کھڑک سنگھ کا بحالی منصوبہ آخری مرحلے میں

لاہور(سہیل احمد قیصر)سکھ دور کی اہم تعمیر، حویلی کھڑک سنگھ اپنے ماضی کی طرف لوٹنے لگی۔ حویلی کھڑک سنگھ کی بحالی کا منصوبہ اپنے آخری مرحلے میں داخل ہوگیا۔
تفصیل کے مطابق لاہور کے شاہی قلعہ میں دیوان عام کے بالکل پیچھے ایک خستہ حال سی عمارت پر سیاح اُچٹتی سی نظرڈالتے اور اپنی راہ لیتے ۔بہت کم احباب کو یہ علم تھا کہ یہ حویلی مہاراجہ رنجیت سنگھ کے بڑے صاحبزادے کھڑک سنگھ نے تعمیر کرائی تھی جو مہاراجہ رنجیت سنگھ کی موت کے بعدسریر آرائے سلطنت ہوئے تھے ۔ یہ سکھ دور کی ایک ایسی تعمیر ہے جس میں مغل طرز تعمیرکی بھی جھلکیاں ملتی ہیں۔ ماہر تعمیرات ڈاکٹر ذیشان ا شرف کے مطابق حویلی کھڑک سنگھ کو سکھ دور کی اہم تعمیرات میں سے ایک قرار دیا جاسکتا ہے۔ ڈی جی والڈ سٹی اتھارٹی کامران لاشاری نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا حویلی میں بین الاقوامی معیار کے ریزارٹس بنانے کے منصوبے کو بھی حتمی شکل دے دی گئی۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد سکھ سیاحوں کی تعداد میں بہت اضافہ ہوگا۔