پاکستان کی پہلی اور آخری امید نوجوان : مقررین

لاہور(خبر نگار)ایوان اقبال کمپلیکس ،قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے زیراہتمام یوم قرارداد پاکستان کی تقریب ہوئی،میزبانی ایڈمنسٹریٹر انجم وحید نے کی،مہمان خصوصی سینئر صحافی سلمان غنی،مہمان مقرر پروفیسر یوسف عرفان تھے۔
پروفیسر یوسف عرفان نے کہا بانی پاکستان صرف جمہوری اقدار کے داعی نہیں بلکہ مسلمانان ہند کے محافظ تھے ، یہ بڑی بدقسمتی کی بات ہے کہ ہم پاکستان حاصل کر نے کے بعد سو گئے ، پاکستان کی نظریاتی شناخت کو قائم رکھنے کی ضرورت ہے ۔ سلمان غنی نے کہا نوجوان پاکستان کے روشن مستقبل کی تصویر ہیں، جو شخص ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھاتا ہے اس کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے ، تعلیمی ادارے بچوں کو بامقصد تعلیم دینے سے عاری ہیں، پاکستان کی پہلی اور آخری امید نوجوان ہیں ،وہ کسی سیاسی جماعت کی جانب دیکھنے کے بجائے اپنی سوچ کو پاکستان کے مطابق بنائیں۔