صدر پاکستان فٹبال فیڈریشن محسن گیلانی کا پروفیشنل لیگ کروانے کا اعلان

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے صدر محسن گیلانی نے کہا ہے کہ پروفیشنل فٹبال لیگ کروانے جا رہے ہیں جس سے سب کو فائدہ ہوگا، پی ایس ایل سٹائل نہیں، پی ایف ایف سٹائل لیگ ہوگی۔

کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محسن گیلانی کا کہنا تھا کہ پی ایف ایف کا سارا فوکس نیشنل مینز اور ویمنز ٹیم کو بہتر کرنے پر ہے۔ پاکستان کے پاس اس وقت ایک تجربہ کار کوچ ہے جس کا ہمیں فائدہ اٹھانا ہے، انفرااسٹرکچر بہتر کرنے کیلئے منی پچز لگا رہے ہیں، دو پچز آچکی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پروفیشنل فٹبال لیگ کرنے جا رہے ہیں جس سے سب کو فائدہ ہوگا۔ پی ایس ایل اسٹائل نہیں، پی ایف ایف اسٹائل لیگ ہوگی، پاکستان فٹبال کی نئی لیگ فرنچائز کے بجائے کلب کی بنیاد پر ہوگی۔

صدر پی ایف ایف نے کہا کہ رمضان کی وجہ سے میانمار کے خلاف میچ سے قبل فرینڈلیز نہیں کر پا رہے، میچ کی تیاریوں کیلئے نولبرٹو سولانو نے قومی کیمپ جلد لگانے کا فیصلہ کیا ہے، ہم نے افغانستان کے خلاف اچھا کھیلا تھا، میانمار ہم پلہ ٹیم ہے، میچ جیت سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم میں جو پلیئرز کھیلیں گے، اس کا فیصلہ کوچ نے کرنا ہے، سولانوں پر پورا اعتماد ہے اور فیڈریشن ان کو پورا سپورٹ کرے گی۔

محسن گیلانی کا کہنا تھا کہ فیفا سے تعلقات کی وجہ سے پی ایف ایف کیلئے کام آسان ہوگئے، فٹسال میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں نے تھائی لینڈ میں میچ کھیلا، ساف چیمپئن شپ کے حوالے سے حکومت سے بات چیت جای رہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت میں فٹبال کے ذریعے روابط ہوسکتے ہیں۔ کوشش ہوگی کہ فٹبال کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کی مثبت تصویر پیش کریں۔

صدر پی ایف ایف کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم اور مقامی کھلاڑیوں کے درمیان فرق کو ختم کرنا ہوگا، اگر ایک پلیئر پاکستان کھیلنے کےلیے اہل ہے تو وہ پاکستانی فٹبالر ہے۔ فیفا اہل قرار دے اور کوچ بہتر سمجھے تو وہ پلیئر پاکستان سے کھیلے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں