ملک بھر میں لاکھوں فرزندان اسلام آج اعتکاف بیٹھیں گے
اسلام آباد/ لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر کی ہزاروں مساجد میں لاکھوں فرزندان اسلام آج 20 رمضان المبارک (بروز منگل) بعد نماز عصر سے اعتکاف میں بیٹھیں گے۔
اس دوران معتکفین ہزار راتوں سے افضل رات لیلۃ القدر تلاش کریں گے، عید الفطر کا چاند نظر آنے پر اعتکاف ختم کیا جائے گا۔
اعتکاف بیٹھنے والوں نے تیاریاں مکمل کر لیں، مساجد میں مزید رونقیں بڑھ جائیں گی جبکہ خواتین اپنے گھروں میں اعتکاف کریں گی، مساجد کی کمیٹیوں نے پہلے ہی معتکفین کیلئے خصوصی جبکہ بیشتر مساجد میں معتکفین کیلئے سحراور افطار کے انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔
رواں سال بھی مساجد میں انفرادی اعتکاف کے ساتھ مختلف دینی جماعتوں اور اداروں کی جانب سے اجتماعی اعتکاف کے انتظامات بھی کئے گئے ہیں، داتا دربار مسجد میں تقریباً 1600 افراد اعتکاف بیٹھیں گے۔
تاریخی بادشاہی مسجد میں 800، جامع مسجد القادسیہ چوبر جی، جبکہ جامعہ نعیمیہ، جامعہ اشرفیہ، جامع مسجد شہداء سمیت دیگر مساجد میں بھی ہزاروں افراد اعتکاف کریں گے، داتا دربار میں متعکفین کے قیام و طعام کے اخراجات محکمہ اوقاف برداشت کرے گا۔
علاوہ ازیں تحریک منہاج القرآن کے بانی شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری نے رواں سال اجتماعی اعتکاف ملتوی کر دیا، منہاج القرآن کی طرف سے مسلسل 35 سال سے اجتماعی اعتکاف منعقد ہو رہا تھا۔
دوسری جانب سعودی عرب میں آج 21 واں روزہ ہے، مسجد الحرام اور مسجد نبوی سمیت سعودی عرب کی مساجد میں گزشتہ رات سے اعتکاف کا آغاز ہوگیا ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق مسجد نبوی میں 3 ہزار 200 جبکہ مسجد الحرام میں 3 ہزار افراد اعتکاف کر رہے ہیں، مسجد نبوی کی انتطامیہ نے اعتکاف کیلئے چار مرکزی ہالوں میں 48 مقامات مختص کی ہیں، مسجد نبوی میں مردوں کیلئے مشرقی چھت پر جبکہ خواتین کیلئے مشرقی سمت کی نئی توسیع شدہ حصے میں انتظام کیا گیا ہے۔
سعودی حکومت کی جانب سے معتکفین کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، حرمین میں لاکھوں فرزندان اسلام نے 21 اکیسویں شب کی تراویح اور قیام اللیل ادا کی۔