سندھ ہائیکورٹ: سرکٹ بینچز، ضلعی عدالتوں کا نئے شیڈول بارے سرکلر جاری
کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے سرکٹ بینچز، ضلعی عدالتوں کا نئے شیڈول کے متعلق سرکلر جاری کر دیا۔
سرکلر کے مطابق ہائیکورٹ کے ججز کے فیول میں 50 فیصد کمی جبکہ ڈسٹرکٹ جوڈیشری کے ججز کے فیول میں 25 فیصد کمی کر دی گئی۔
10 مارچ کو نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں توانائی بحران سے نمٹانے کے اقدامات کا اعلان کیا گیا تھا، سندھ ہائیکورٹ پرنسپل سیٹ اور سرکٹ بینچز کے لئے فوری اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے۔
سرکلر کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں ہفتے میں 4 دن پیر سے جمعرات کام ہوگا، جمعے اور ہفتے والے دن کم سے کم عدالتی عملہ کو بلوایا جائے۔
سندھ ہائیکورٹ کے ججز کے پٹرول کوٹہ میں 50 فیصد کمی کی جارہی ہے، گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے افسران کے پٹرول کوٹہ میں 25 فیصد کمی کر دی گئی ہے۔
سرکلر کے مطابق ججز کی موومنٹ کے دوران کسی اضافی نفری یا سکیورٹی کا بندوست نہ کیا جائے، سرکٹ بینچز میں ویڈیو لنک کے ذریعے مقدمات سائلین کی پیشی کو فروغ دیا جائے۔
سندھ کی ضلعی عدالتوں میں ہفتے میں پانچ دن کام ہوگا، جمعے کو فوری نوعیت کے مقدمات، ضمانت کی درخواستیں اور حکم امتناع کی درخواستوں پر سماعت ہوگی۔
سرکلر کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ بشمول ایکس کیڈر کورٹس اور ٹربیونلز ہفتے اتوار کو بند رہیں گے، ہفتہ اور اتوار کو ڈیوٹی مجسٹریٹ ریمانڈ اور مقدمات چالان وغیرہ وصول کرسکیں گے۔
جوڈیشل افسران کے پٹرول کوٹہ میں 25 فیصد کمی کی گئی ہے، جہاں ویڈیو لنک کی سہولت موجود ہے وکلا اور سائلین پیش ہوسکتے ہیں۔