وقف، ٹرسٹ اور کوآپریٹو سوسائٹیز مانیٹرنگ بل 2026 متفقہ طور پر منظور

لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی نے پنجاب وقف، ٹرسٹ اور کوآپریٹو سوسائٹیز مانیٹرنگ بل 2026 متفقہ طور پر منظور کر لیا۔

بل کے تحت وقف، ٹرسٹ اور کوآپریٹو سوسائٹیز کی نگرانی کے لیے پنجاب کمیشن قائم کیا جائے گا، کمیشن کا سربراہ سیکرٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ ہوگا جب کہ بورڈ آف ریونیو، کوآپریٹو اور اوقاف ڈیپارٹمنٹ کے سیکرٹریز کمیشن کے رکن ہوں گے۔

اِسی طرح نجی شعبے یا سول سوسائٹی کے دو نمائندے بھی کمیشن میں شامل کیے جائیں گے، کمیشن وقف، ٹرسٹ اور کوآپریٹو سوسائٹیز کے معاملات کی نگرانی کرے گا، کمیشن کو اداروں کے مالی معاملات اور فنڈز کا ریکارڈ طلب کرنے کا اختیار ہوگا۔

بل کے متن میں لکھا گیا کہ کمیشن ضرورت پڑنے پر اداروں کے فنڈز کا خصوصی آڈٹ بھی کرا سکے گا، کمیشن وقف، ٹرسٹ اور کوآپریٹو سوسائٹیز کے معاملات کی انکوائری کا حکم دے سکے گا، سنگین خلاف ورزی کی صورت میں رجسٹریشن معطل یا منسوخ کرنے کی سفارش کی جا سکے گی۔

متن میں یہ بھی کہا گیا کہ کمیشن رجسٹریشن اتھارٹیز کو کارروائی کے لیے ریفرنس بھیج سکے گا، بل کے تحت وقف، ٹرسٹ اور سوسائٹیز کا مکمل ریکارڈ ڈیجیٹل کیا جائے گا، تمام اداروں کے ڈیٹا کے لیے مرکزی آن لائن ڈیٹا بیس قائم کیا جائے گا۔

دوسری جانب کمیشن کو ضلعی اور تحصیل سطح پر متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کرنے کا اختیار ہوگا، کمیشن سالانہ آڈٹ رپورٹس طلب اور ان کا جائزہ لے سکے گا، کمیشن وفاقی حکومت کی منی لانڈرنگ اور دہشتگردی کی مالی معاونت کے خلاف پالیسیوں پر عملدرآمد یقینی بنائے گا۔

بل کے تحت کمیشن کی سربراہی میں چیف ایگزیکٹو آفیسر تعینات کیا جائے گا، چیف ایگزیکٹو آفیسر کمیشن کے روزمرہ انتظامی امور کا ذمہ دار ہوگا، کمیشن وقف، ٹرسٹ اور کوآپریٹو سوسائٹیز کے ریکارڈ کی باقاعدہ انسپیکشن بھی کر سکے گا اورعوامی آگاہی کے لیے اپنی ویب سائٹ قائم کرے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں