بنگلہ دیش سے میچ نہ ہو سکا، پاکستان چیمپئنز کو پی سی بی سے مثبت فیصلے کی امید
دبئی: (سید مدثر خوشنود) پاکستان چیمپئنز کے آنر کامل خان نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف میچ نہ ہو سکا، تاہم انہیں اب بھی امید ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے گا اور ٹیم کو ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں ایکشن میں آنے کا موقع ملے گا۔
کامل خان کے مطابق کھلاڑیوں نے طے شدہ طریقہ کار کے تحت این او سی کے لیے درخواستیں جمع کرائی تھیں اور ٹیم انتظامیہ اب بھی پی سی بی کے مثبت فیصلے کی منتظر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چیمپئنز کی خواہش ہے کہ معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہو تاکہ کھلاڑی ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کر سکیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ہمارا اپنا ادارہ ہے اور پاکستان چیمپئنز کسی بھی صورت بورڈ کے فیصلے کے خلاف نہیں جائیں گے۔ کامل خان کا کہنا تھا کہ ٹیم انتظامیہ پی سی بی کے فیصلے کا احترام کرتی ہے اور معاملے کے مثبت حل کے لیے رابطے اور بات چیت جاری ہے۔
کامل خان نے کہا کہ پاکستان چیمپئنز کے کھلاڑی ایونٹ کے لیے تیار تھے اور شائقین بھی ٹیم کو میدان میں دیکھنے کے منتظر ہیں، تاہم انتظامیہ قانون، ضابطے اور بورڈ کے طریقہ کار کو مقدم سمجھتی ہے۔ ان کے مطابق امید ہے کہ پی سی بی کھلاڑیوں، شائقین اور ایونٹ کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے مثبت فیصلہ کرے گا۔
پاکستان چیمپئنز کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ معاملے کو تصادم کے بجائے باہمی احترام، مشاورت اور ادارہ جاتی طریقہ کار کے ذریعے حل کرنا چاہتی ہے، تاکہ ٹیم کو ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں اپنی کارکردگی دکھانے کا موقع مل سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments