مستفیض الرحمان کی بگ بیش لیگ میں انٹری، رینیگیڈز نے سائن کرلیا
ڈھاکا: (دنیا نیوز) بنگلا دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو بگ بیش لیگ کے 16ویں سیزن کے لیے میلبورن رینیگیڈز نے ٹیم میں شامل کرلیا، یہ ان کی پہلی بگ بیش لیگ ہوگی۔
31 سالہ مستفیض الرحمان اب تک ٹی 20 فرنچائز کرکٹ کے 331 میچز میں 423 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں، انہیں انجری کے باعث آئندہ سیزن سے باہر ہونے والے آسٹریلوی فاسٹ بولر جیسن بہرینڈورف کے متبادل کے طور پر سائن کیا گیا ہے۔
مستفیض الرحمان انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 میں پہلے سے طے شدہ مصروفیات کے باعث میلبورن رینیگیڈز کے ابتدائی میچ میں پرتھ اسکارچرز کے خلاف دستیاب نہیں ہوں گے۔
بنگلا دیشی فاسٹ بولر نے پہلی مرتبہ بگ بیش لیگ کھیلنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایم سی جی کو اپنا ہوم گراؤنڈ بنانے اور نئے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کے منتظر ہیں۔
میلبورن رینیگیڈز کے ہیڈ کوچ لیوک رونکی نے مستفیض الرحمان کو ٹی 20 کرکٹ کا میچ ونر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاور پلے اور آخری اوورز میں وکٹیں لینے کی ان کی صلاحیت ٹیم کے بولنگ اٹیک کو مزید مضبوط بنائے گی۔
بگ بیش لیگ کا 16واں سیزن 12 دسمبر سے شروع ہوگا، جس کا افتتاحی میچ میلبورن رینیگیڈز اور پرتھ اسکارچرز کے درمیان پہلی مرتبہ بھارت کے شہر چنئی میں کھیلا جائے گا۔ 44 میچز پر مشتمل ٹورنامنٹ کا فائنل 26 جنوری کو شیڈول ہے، جبکہ ضرورت پڑنے پر ریزرو ڈے بھی رکھا گیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments