صدر زرداری کورونا میں مبتلا : کراچی کے نجی ہسپتال میں علاج جاری، آئسولیشن میں الگ تھلگ رکھا گیا، قوم صحت کیلئے دعا کرے: وزیراعظم، دبئی منتقل نہیں کیا جارہا : شرجیل

اسلام آباد،لاہور(سٹاف رپورٹر،نامہ نگار، سپیشل رپورٹر)صدر آصف علی زرداری کورونا میں مبتلا ہوگئے، صدر مملکت کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ مختلف ٹیسٹوں کے بعد اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ صدر مملکت کورونا میں مبتلا ہیں اور انہیں اس وقت قرنطینہ (آئیسولیشن) میں رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ماہرین کی ایک ٹیم ان کی دیکھ بھال کر رہی اور صدر مملکت کی حالت بہتر ہے۔
قبل ازیں صدر زرداری کو بخار اور انفیکشن کے باعث کراچی کے نجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا،جہاں ان کا علاج جاری ہے اور انہیں الگ تھلگ رکھا گیا ہے ۔واضح رہے کہ صدر آصف علی زرداری کو گزشتہ روز طبیعت ناساز ہونے پر نوابشاہ سے کراچی منتقل کیا گیا تھا۔صدر مملکت انفیکشن اور بخار میں مبتلا ہونے کے باعث زرداری ہاؤس نوابشاہ میں پارٹی کارکنوں اور رہنماؤں سے عید بھی نہیں مل سکے تھے جبکہ کل 4اپریل کو گڑھی خدا بخش میں بھٹو کے یوم شہاد ت کے حوالے سے ہونے والے اجتماع میں بھی شریک نہیں ہوسکیں گے ۔ذرائع نے کہا کہ صدر کی طبیعت اب بہتر ہے ۔دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر جاری پیغام میں وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے صدر مملکت کو دبئی منتقل کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت کی طبیعت بہتر ہو رہی ہے ، ان شااللہ وہ جلد ہی مکمل صحت یاب ہوں گے ۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کی جلد صحت یابی کے لیے قوم دعا کرے ،اللہ تعالیٰ انہیں شفاء کاملہ عطا فرمائے اور جلد از جلد صحت یاب کرے ،وزیراعظم نے صدر مملکت کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔وزیراعظم نے صدر زرداری سے رابطہ کر کے مزاج پرسی بھی کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے بھی صدرزرداری کی خیریت دریافت کی او ر جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ادھر صدر زرداری کی درازی عمر کیلئے ملک بھر میں پیپلز پارٹی کی تنظیموں کے زیر اہتمام دعائیہ تقریبات منعقد کی گئیں جبکہ صدقات اور مزارات مقدسہ پر حاضری اور دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے ،پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ کی ہدایت پر وسطی پنجاب کے 26اضلاع میں صدر زرداری کی درازی عمر کی دعائیں مانگی گئیں۔