ڈی ایچ کیو ہسپتال میں مشینری نہ خریدی جاسکی،شہری آپریشن اور علاج سے محروم

گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث ڈی ایچ کیو ہسپتال میں مریضوں کے علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی کیلئے اہم مشینری کی خریداری یقینی نہ بنائی جاسکی ۔
سابق دور حکومت میں میڈیکل کالج کی جانب سے ٹینڈر نیلا م ہونے کے باوجودا نجیو گرافی، انڈوسکوپی ،ایکسرے مشین سمیت دیگر امراض کی تشخیص اور علاج کرنے والی مشینری کی دستیابی ممکن نہ ہوسکی ،پنجاب حکومت کی جانب سے 20 کروڑ روپے کے فنڈز نہ ملنے کے باعث گوجرانوالہ کے لاکھوں شہری آپریشن اور علاج کی سہولیات سے محروم ہیں، گزشتہ دور حکومت میں میڈیکل کالج گوجرانوالہ کی ڈیمانڈ پرسول ہسپتال میں مشینری کی خریداری کی منظوری دیتے ہوئے فنڈز کے اجرا کی یقین دہانی کرائی گئی مگر تاحال فنڈز جاری نہ ہوسکے ۔ ذرائع کے مطابق میڈیکل کالج انتظامیہ نے مشینوں کی خریداری کیلئے ٹینڈرز بھی وصول کر لئے تھے پنجاب حکومت کی جانب سے انجیو گرافی ،ایم آر آئی،کلوررڈابلر،الٹراساؤنڈ مشین اور اینڈوسکوپی کی خریداری کے لئے 20 کروڑکے فنڈ جاری نہ ہونے سے مشینوں کی خریداری التوا کا شکار ہوگئی ۔