یکم اپریل سے سکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی کا اعلان
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)محکمہ تعلیم پنجاب نے یکم اپریل سے سکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی کا اعلان کر دیا ۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی گوجرانوالہ، ڈاکٹر عطیہ ارشد ملک کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سنگل شفٹ والے سکول سوموار سے جمعرات تک صبح 7:30 بجے سے دوپہر 1:00 بجے تک کھلے رہیں گے جبکہ جمعہ کو چھٹی دوپہر 12:00 بجے ہوگی۔ ڈبل شفٹ والے سکولوں میں مارننگ شفٹ صبح 7:30 بجے سے دوپہر 12:00 بجے تک جبکہ ایوننگ شفٹ دوپہر 12:00 بجے سے سہ پہر 4:00 بجے تک ہوگی۔ جمعہ کے دن ڈبل شفٹ والے سکول 2:30 بجے سے 4:00 بجے تک کھلے رہیں گے ۔اساتذہ کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ مقررہ اوقات سے 15 منٹ پہلے سکول پہنچیں اور چھٹی کے بعد آدھا گھنٹہ مزید سکول میں موجود رہیں۔ محکمہ تعلیم پنجاب کی ہدایت کے مطابق تمام سرکاری سکولوں میں تدریسی و غیر تدریسی سرگرمیوں کے لیے اساتذہ کی ذمہ داریوں میں مزید وسعت دی گئی ہے ۔ تمام اساتذہ (مارننگ اور ایوننگ شفٹ) کو تدریسی عمل کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے سبق کی منصوبہ بندی (لیسن پلان)، مسلسل پیشہ ورانہ تربیت (CPD)، تعلیمی و ہم نصابی سرگرمیاں انجام دینا ہوں گی۔ یہ تمام سرگرمیاں بڑھائے گئے سکول اوقات کے دوران اور متبادل ہفتہ وار چھٹی والے دن (ہر دوسرے ہفتے کے ہفتہ)کو انجام دی جائیں گی۔