یوم القدس پر ریلیاں، اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاج

میرپورخاص،اندرون سندھ(نمائندگا ن دنیا، بیورو رپورٹ )میرپورخاص، سکھر اور اندرون سندھ میں جمعتہ الوداع کے موقع پر یوم القدس بھرپور جوش و جذبے سے منایا گیا۔
مختلف شہروں میں نماز جمعہ کے بعد ریلیاں نکالی گئیں، جن میں اسرائیلی جارحیت اور فلسطینی عوام پر جاری مظالم کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ مقررین نے میرپورخاص، سکھر سمیت سندھ بھر میں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیااور اقوام متحدہ ،عالمی برادری سے اسرائیلی مظالم روکنے کا مطالبہ کیا۔ میرپورخاص میں یوم القدس کے سلسلے میں مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے ۔ حیدری مسجد و امام بارگاہ، پنجتنی امام بارگاہ اور امام بارگاہ درگاہ مکھن شاہ سے پریس کلب تک ریلیاں نکالی گئیں، جن میں شرکاء نے اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی اور فلسطینی عوام کے حق میں آواز بلند کی۔ریلیوں میں خطاب مولانا بشیر جوادی، مولانا سید ضیاء حیدر نقوی اور دیگر علماء نے اظہار خیال کیا۔ سکھر میں بھی مختلف تنظیموں کی جانب سے احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ القدس کمیٹی ضلع سکھر کے زیر اہتمام حیدری مسجد پرانہ سکھر سے پریس کلب تک نکالی گئی ریلی میں مجلس وحدت المسلمین، وحدت یوتھ ونگ، وحدت علماء ونگ اور دیگر تنظیموں کے کارکنان، خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔ حیدرآباد میں بھی یوم القدس پر اصغریہ تحریک، اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور خواتین ونگ کی مشترکہ قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ علاوہ ازیں مرکزی یوم القدس کمیٹی شیعہ علماء کونسل کے زیر اہتمام مرکزی امام بارگاہ سے القدس ریلی نکالی گئی، جس میں مولانا محمد مٹھل شاہ نقوی، مولانا امداد حسین الحسینی، مولانا اختر حسین کاظمی اور دیگر علماء نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ قبلہ اول کی آزادی تک احتجاج جاری رہے گا ۔