گلشن حدید :یوسی چیئرمین اور کونسلرنے ناجائزپانی کنکشن پکڑلئے

گلشن حدید :یوسی چیئرمین اور کونسلرنے ناجائزپانی کنکشن پکڑلئے

کراچی (سٹی ڈیسک) گلشن حدید میں یوسی چیئرمین اور کونسلرنے پانی کے غیرقانونی کنکشن بے نقاب کردیئے ۔تفصیلات کے مطابق گلشن حدید فیز ٹو تنویرگراؤنڈ کے قریب بعض اہل محلہ نے مین لائن سے پانی کا کنکشن حاصل کرنے کیلئے رات میں کھدائی شروع کردی ۔۔

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

اور تین سڑکوں کو ادھیڑکر رکھ دیا۔اطلاع ملنے پر علاقے کے کونسلرکاشف بھٹی موقع پرپہنچے اوراسسٹنٹ کمشنر کو مطلع کیاگیا۔اس دوران یوسی چیئرمین راؤ صفدر حیات اور اسسٹنٹ کمشنر بن قاسم انیس عباسی بھی پہنچ گئے اور لوگوں کو قانون ہاتھ میں لینے سے خبردارکیا۔اہل محلہ کا کہنا تھا کہ ان کے علاقے میں 6 سال سے پانی نہیں آرہا جس کی وجہ سے وہ یہ اقدام کرنے پر مجبور ہیں۔ موقع پرموجوددیگراہل علاقہ نے کہا کہ بعض افراد نے مرکزی لائن سے 4،4انچ کے پائپ اپنے گھروں تک ڈالنے کی کوشش کی ہے جبکہ پورے علاقے کے گھروں کو پونے انچ کی لائن سے پانی کی فراہمی ہوتی ہے ،ناجائزکنکشن کی حوصلہ افزائی کے بجائے جن ایریاز میں پانی نہیں پہنچ رہا وہاں کی پہلے سے موجودلائنوں کو درست کرایا جائے ۔اہل علاقہ نے ناجائز کنکشن کی روک تھام پریوسی چیئرمین راؤ صفدر حیات اور کونسلر کاشف بھٹی کی کاوشوں کو سراہا ۔مقامی ذرائع کاکہنا ہے کہ اسٹیل مل کے بلک واٹر ڈپارٹمنٹ نے غیر قانونی کنکشن ختم کرنے تک علاقے کو پانی فراہمی سے انکارکردیاہے جس سے عید پر نئے بحران کا خدشہ ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں