سندھ اسکواش چمپئن شپ کے لیے 3کروڑ کا چیک

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے حکومت سندھ کی جانب سے 3 کروڑ روپے کا چیک سندھ اسکواش چیمپئن کے عہدیدار عدنان اسد کے حوالے کیا۔
اس موقع پر سیکریٹری کھیل عبدالعلیم لاشاری اور سندھ اسکواش چیمپئن کے عہدیدار عدنان اسد کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ۔ انڈر 23 اسکواش چیمپئن شپ کے انعقاد سے دنیا بھر کے کھلاڑی کراچی آئیں گے ، جو نہ صرف کھیلوں کی ترقی میں معاون ہوگا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ 35 ممالک کے کھلاڑی اس ایونٹ میں شرکت کر رہے ہیں، جن میں 22 ممالک کی خواتین کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ یہ چیمپئن شپ 80 ممالک میں براہِ راست دکھائی جائے گی، جس سے پاکستان خصوصا کراچی کا مثالی ماحول نمایاں ہوگا۔ شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ حکومت سندھ کھیلوں کی سرپرستی جاری رکھے گی اور اسپورٹس ٹورازم کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔ سندھ حکومت نے اس ایونٹ کے لیے 30 ملین روپے مختص کیے ہیں تاکہ عالمی معیار کے مطابق انعقاد ممکن بنایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ چند دن پہلے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے ‘‘آئی ورک فار سندھ’’ پورٹل کا افتتاح کیاجہاں پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کی نوکریاں دستیاب ہیں۔