شیر خوار بچے پر سنگدل ماموں کا تشدد، منہ میں مرچیں ڈال دیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی سے لاڑکانہ اپنے میکے عید منانے کے جانے والی خاتون کے شیر خوار بچے پر سنگدل ماموں کا تشدد، منہ میں مرچیں ڈال دیں ، سنگدل شخص بچے کی ویڈیو بناکر اسکے والد کو بھیجتا رہا۔
تفصیلات کے مطابق انسانیت سوز واقعے میں سنگدل ماموں نے چھ ماہ کے شیر خوار بچے پر بہیمانہ تشدد کیا اور منہ میں مرچیں ڈال دیں۔متاثرہ بچے کے والد وارث علی نے بتایا کہ وہ بھینس کالونی کراچی کا رہائشی ہے اور اس کی اہلیہ عید کے موقع پر اپنے شیر خوار بیٹے کے ساتھ لاڑکانہ گئی تھیں لیکن واپس نہیں آئیں۔ بعد ازاں اُن کے سالے شکیل احمد میرانی نے واٹس ایپ پر ویڈیوز بھیجنی شروع کیں جن میں وہ بچے پر تشدد کر رہا ہے ۔وارث علی نے مزید بتایا کہ شکیل میرانی روزانہ ویڈیوز بھیج کر اسے ذہنی اذیت پہنچا رہا ہے اور دھمکیاں دے رہا ہے ۔ سامنے آنے والی ویڈیو میں معصوم بچے پر جسمانی تشدد کے واضح مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔