پی پی پی لاہور کی صدارت کیلئے رسہ کشی عروج پر، مقامی تنظیم عملی طور پر غیر فعال

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کی صدارت کیلئے رسہ کشی عروج پر پہنچ گئی، ضلعی صدارت کے حصول کیلئے کئی امیدوار سامنے آگئے۔

پیپلز پارٹی لاہور ڈویژن کی تنظیم عملی طور پر غیر فعال ہو گئی جبکہ صدارت کیلئے رسہ کشی جاری ہے، اسلم گل کے مستعفی ہونے کے بعد پارٹی کے ڈویژنل صدر کا عہدہ 6 ماہ سے خالی ہے جبکہ صدارت کے حصول کیلئے کئی امیدوار سامنے آگئے۔

ذرائع کے مطابق پی پی رہنما عزیز الرحمان چن اپنے بیٹے رحمان چن کو پیپلز پارٹی لاہور کا صدر بنانے کے لئے کوشاں ہیں، جمیل منج، بیرسٹر عامر، رانا جواد، عثمان ملک، فائزہ ملک، رانا عرفان، زاہد ذوالفقار اور عاطف چودھری بھی صدر بننے کے خواہش مند ہیں۔

پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف لاہور کی صدارت کے لئے 3 نام چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو بھیجیں گے اور  وہی اس حوالے سے حتمی فیصلہ کریں گے۔

سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی لاہور فائزہ ملک نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کیلئے لاہور کے صدر کا عہدہ بہت اہم ہے، چیئرمین بلاول بھٹو اس پر جلد تقرری کریں یہ عہدہ خالی رہنے سے پارٹی کمزور ہو سکتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں