یوم پاکستان آج منایا جائیگا صدر،وزیراعظم اور عسکری قیادت کی قوم کومبارکباد

یوم پاکستان آج منایا جائیگا صدر،وزیراعظم اور عسکری  قیادت کی قوم کومبارکباد

اسلام آباد ،راولپنڈی (سٹاف رپورٹر ، خصوصی رپورٹر،خبر نگار )یوم پاکستان آج ملی جوش و جذبے سے منایا جائے گا ، صدر ، وزیراعظم ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروس چیفس نے قوم کو دلی مبارکباد کی ہے ۔

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

یوم پاکستان کی مناسبت سے آئی ایس پی آر کی جانب سے ملی نغمہ جاری کر دیا گیا۔ جاری ملی نغمے کے بول میرے محبوب پاکستان، میری جان پاکستان ہیں، ملی نغمے کو معروف گلوکار عاطف اسلم نے گایا ہے ۔ تقریب میں صدرمملکت ، وزیر اعظم، تینوں سروسز چیفس شرکت کرینگے ، پریڈ ایوان صدر کے احا طہ میں ہوگی ۔پاک فضائیہ کے لڑاکا طیارے فلائی پاسٹ کریں گے ،صدر مملکت تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے ، مسلح افواج کے دستے مہمان خصوصی کو سلامی پیش کریں گے ۔وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا پاکستان ہمارے بانیان اور تحریکِ پاکستان کے کارکنوں کی عظیم قربانیوں اور انتھک محنت کے نتیجے میں وجود میں آیا ،کامیابی کے حصول کیلئے ہمیں اتحاد، ایمان اور تنظیم کو مشعل راہ بنانا چاہیے ۔

ہمیں قومی سلامتی کو مستحکم کرنے ، معیشت کو بحال کرنے ، زراعت کو ترقی دینے ، توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانے اور اپنی نوجوان نسل کے لیے مواقع پیدا کرنے پر توجہ دینا ہوگی ، وزیراعظم شہباز شریف نے تمام پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری مسلح افواج اور سکیورٹی ادارے پاکستان کی خود مختاری اور استحکام کی بڑی بہادری سے حفاظت کرنے میں مصروف عمل ہیں، ملک کی خاطر جانیں قربان کرنیوالے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں،ہماری قوم مضبوط ، متحد اور کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے ،افراط زر شرح میں مسلسل کمی، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ، اہم اقتصادی اشاریوں میں بہتری کیساتھ ہم نے معیشت کو مضبوط کیا ،اب وطن عزیز کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے کوشاں ہیں ، ہم ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی پسند پاکستان کی تعمیر جاری رکھیں گے ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروس چیفس نے قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 23 مارچ 1940 ہماری تاریخ کا ایک اہم لمحہ ہے ، ایک ایسا دن جس نے ہمارے بطور قوم وژن کو اجاگر کیا اور ایک آزاد وطن کے قیام کا راستہ طے کیا، یہ موقع پاکستانی عوام کے غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے ، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہماری قوم جمہوریت کے جھنڈے تلے اسلام کے لازوال اصولوں کو برقرار رکھتے ہوئے ترقی کی منازل طے کر رہی ہے ۔ ثابت قدمی اور اللہ کی رہنمائی کے ساتھ پاکستان اپنے جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے اور اپنے شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے ، پاکستان کی مسلح افواج ہمیشہ چوکس اور ثابت قدم ہیں، ہماری مقدس سرحدوں کی حفاظت اور اپنے پیارے مادر وطن کی خودمختاری کو برقرار رکھنے کے لیے افواج پاکستان اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق عسکری قیادت کاکہناہے آج کا پاکستان عالمی برادری کے ایک ذمہ دار ملک اور پرعزم رکن کے طور پر کھڑا ہے جو امن، استحکام اور تعاون کی وکالت کرتا ہے ، ایک متحد قوم کے طور پر ہم نئی امید اور پائیدار خوشحالی کے لیے ایک غیر متزلزل عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں، ہم اس امن کو برقرار رکھیں گے اور اس کا دفاع کرتے رہیں گے جو ہمارے قومی کردار کا تعین کرتا ہے ، ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ پاکستان دنیا میں ہم آہنگی کا مینار بنے رہے ۔ علاوہ ازیں قومی سول اعزازات کی تقسیم کی تقریب ا مسال 23 کے بجائے کل 24مارچ پیر کو منعقد کی جائیگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں