9مئی،یاسمین راشد ، شاہ محمود اور گواہوں کے بیانات قلمبند

لاہور، اسلام آباد(کورٹ رپورٹر، اپنے نامہ نگار سے)لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی جلاؤ گھیراؤ کے نو مقدمات میں ڈاکٹر یاسمین راشد ، شاہ محمود قریشی اور گواہوں کے بیانات قلمبند کرلیے ۔اے ٹی سی عدالت کے جج نے کوٹ لکھپت جیل میں کیسز کی سماعت کی۔
دوران سماعت گرفتار ملزم میاں محمود الرشید ، یاسمین راشد ،اعجاز چودھری سمیت دیگر ملزموں کو جیل میں قائم کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا ۔عدالت نے مزید گواہوں کو بیانات قلمبند کروانے کے لیے طلب کرلیا عدالت نے عسکری ٹاور سمیت جلاؤ گھیراؤ کے تین مقدمات میں 7 اپریل تک ملتوی کردی ۔ عدالت نے زمان پارک سمیت دیگر مقدمات کی سماعت 27 مارچ تک ملتوی کردی ۔ادھر انسدادِدہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت نے 26 نومبر احتجاج پر درج مقدمات میں بشری ٰبی بی شہریارآفریدی، عبدالقیوم نیازی، رؤف حسن اور دیگر کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔گزشتہ روز سماعت کے دوران بشریٰ کیجانب سے انصر کیانی ایڈووکیٹ اور شمسہ کیانی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور بشریٰ کی حاضری سے استثنیٰ کے علاوہ شامل تفتیش ہونے سے متعلق درخواستیں دائر کیں ،عدالت نے 7 مقدمات میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں5 مئی تک توسیع کردی،بشریٰ کیخلاف تھانہ آبپارہ ،سیکرٹریٹ ،ترنول، رمنا میں 2،مارگلہ اور کراچی کمپنی میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں، عدالت نے سلمان اکرم راجہ، زرتاج گل، عالیہ حمزہ اور کنول شوزب کی استثنیٰ درخواست منظور کرتے ہوئے عبوری ضمانت میں 5 مئی تک توسیع کردی،عدالت نے شہریار آفریدی، شیر افضل مروت، عبدالقیوم نیازی، رؤف حسن ،مشال یوسفزئی، نادیہ خٹک، فلک نازچترالی،شعیب شاہین، علی بخاری، عمیر نیازی، تیمور جھگڑا، علی زمان، عبداللطیف اور دیگر کی عبوری ضمانت میں5 مئی تک توسیع کردی۔ملزموں کے خلاف تھانہ رمنا، ترنول، کوہسار میں مقدمات درج ہیں۔