نہروں کا ایشو آگ سے کھیلنے کے مترادف :اعتزاز احسن
لاہور (سپیشل رپورٹر)پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کا ایشو شدت اختیار کرے گا،دیہی علاقوں میں کھالے پر آدھے گھنٹے کے پانی پر قتل ہوجاتے ہیں یہ تو ایک سمندر بہہ رہا ہے ۔
یہ پانی چاروں صوبوں کا ہے ،وزیر اعظم کو کون ایسے مشورے دے رہا ہے یہ پی پی پی کو بغیر مشورہ کئے پریشان کر رہے ہیں ۔اعتزاز احسن نے پیپلزپارٹی کے رہنما عابد صدیقی کی صاحبزادی کی شادی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اگر نہریں نکلیں تو سندھ کے کسانوں نے پنجاب کے راستے بند کر دینے ہیں،کسان کے لئے پانی ایسے ہے جیسے اس کی رگوں میں خون بہہ رہا ہے ،وفاق کہہ رہا ہے ہم دریائے سندھ سے نہریں نہیں نکال رہے ہم دریائے چناب اور جہلم سے نکال رہے ہیں یہ کوئی دلیل ہے ،دریاے سندھ کی شاخوں سے پانی لیں گے تو وہ سندھ سے پانی نکالنے کے مترادف ہو گا۔ انہوں نے کہامیں پنجابی ہوں مگر پانی کے مسئلہ پر سندھ کے ساتھ کھڑا ہوں،یہ آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے ،پیپلزپارٹی بڑی کلیئر ہے چاروں بھائیوں کا مشترکہ پانی ہے کوئی ایک بھائی پانی نہیں لے سکتا چاہے اس کے پاس ٹینک ہی کیوں نہ ہوں۔پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضیٰ نے کہا نہروں کا ایشو گندم سے بھی بڑا ایشو بن چکا ہے ،گندم کے کاشتکار کو امدادی قیمت نہ دی گئی وہ مر جائے گا۔انہوں نے کہا وفاق نے نہروں کا ایشو چھیڑ دیا اس سے ملک اور وفاق کمزور ہو گا ، ہم کسی صورت بھی پانی کے ایشو پر خاموش نہیں رہیں گے اور تمام حکومتیں قربان کرنا پڑیں تو کرنی چاہئیں۔