سوشل میڈیا دو دھاری تلوار ،فائدہ بھی نقصان بھی :تھنک ٹینک

سوشل میڈیا دو دھاری تلوار ،فائدہ بھی نقصان بھی :تھنک ٹینک

لاہور(دنیا نیوز)تجزیہ کا ر ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے سوشل میڈیا دو دھاری تلوار ہے ،سوشل میڈیا فائدہ بھی دیتاہے اور نقصان بھی پہنچاتاہے ۔

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

دنیا نیوز کے پروگرام تھنک ٹینک میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا سوشل میڈیا میں ہم نے غیرذمہ دارانہ چیزیں بھی  دیکھی ہیں،جس کی مرضی تعریف کردیں اور برائی کردیں کوئی پوچھنے والا نہیں ، اس حوالے سے تحریک انصاف کے لوگوں کی رائے مختلف ہے ،اس کا ہم کونہیں پتا کہ عمران خان اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنا چاہتے ہیں یا نہیں،کیونکہ عمران خان کے ڈائریکٹ پیغامات ہم تک نہیں آرہے ۔دنیا نیوز کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا سوشل میڈیا ایک وقت میں تحریک انصاف کی قوت تھی، سوشل میڈیا جو حکومت کے خلاف استعما ل ہورہاتھا،اب اسی کی وجہ سے تحریک انصاف مشکلات کا شکار ہے ، سوشل میڈیا کے لوگ جیل سے باہر پی ٹی آئی قیادت پر تنقید کررہے ہیں، ان کو نیچا دکھانے کی کوشش کررہے ہیں،تحریک انصاف کے سوشل میڈیا کو عمران خان کی مکمل حمایت حاصل ہے جو فوج کے خلاف مہم چلاتاہے ۔

تجزیہ کا ر حفیظ اللہ نیازی نے کہا بہت ساری چیزیں ہمارے سامنے عیاں ہوچکی ہیں کون لوگ ہیں جو مفاہمتی عمل اور کون لوگ ہیں جو مخاصمتی عمل کو پروان چڑھانا چاہتے ہیں،سوشل میڈیا مخاصمت کو پروان چڑھاتا رہا ہے ،گوہر، علی امین گنڈاپور،اعظم سواتی سمیت سب نے اقرار کیا ہے کہ وہ مفاہمتی عمل کو پسند کرتے ہیں،اس کا مطلب ہے عمران خان نے ایک گروپ بنایا ہے جو مفاہمت لائے گادوسرا گروپ سوشل میڈیا ہے جو مخاصمت کو پروان چڑھا رہا ہے ،عمران خان کی یہ سوچ تھی جب کوئی دبائو آئے گاتواسٹیبلشمنٹ بات کرے گی،اس سے کچھ ریلیف ملے گا، یہ عمران خان کی خام خیالی ہوسکتی ہے ۔ تجزیہ کا رڈاکٹر رسول بخش رئیس نے کہا تحریک انصاف کاسوشل میڈیا ونگ پی ٹی آئی کونقصان پہنچارہا ہے یانہیں اس کاجواب ہاں یا ناں میں نہیں دیا جاسکتا، سوشل میڈیا کا سیاست سے تعلق عالمی سیاست میں کلچر بن چکا ہے اس کا ایک مرکز ، ایک خیال اورایک رخ نہیں ہے ،لاکھوں لوگ اس کو استعمال کرکے اپنی بات پہنچاتے ہیں، ہر کوئی اپنی اپنی رائے رکھتاہے ،یہ معاملہ صرف پاکستان کا نہیں، اکثر ممالک میں جہاں آزادی ہے اس کو استعمال کیا جارہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں