نواز شریف، مریم سے محسن نقوی کی ملاقات، دہشتگردوں سے ملکر نمٹنے کا عزم

لاہور(دنیا نیوز)مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی، صوبہ میں امن و امان پر گفتگو ہوئی، کچے کے علاقے اور صوبائی سرحدی چوکیوں کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، خارجی دہشتگردوں سے ملکر نمٹنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، امن و امان کی بہتری کے لیے مربوط کاوشوں پر بھی اتفاق ہوا۔
دریں اثنا مریم نواز نے عیدالفطر پر زائد کرائے وصول کرنے والوں کیخلاف مہم جاری رکھنے کا حکم دے دیا اورکہا عید تعطیلات ختم ہونے پر مسافروں کی واپسی کے پیش نظر مقررہ کرایوں کی وصولی یقینی بنائی جائے ، لاہور اور دیگر شہروں میں زیادہ کرایہ وصولی پر کارروائی کی جائے ۔ اوور چارجنگ پرمسافروں سے وصول کردہ کرایہ واپس کرائیں اور بس عملے پر جرمانہ کیا جائے ۔مریم نواز نے حکم دیا کہ گاڑیوں کی فٹنس چیک کریں، قابل مرمت گاڑیوں کو ہرگز مسافروں کی زندگی خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہ دی جائے ، کسی روٹ پر گاڑیوں میں اوورلوڈنگ نہ کرنے دی جائے ، ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کرائی جائے ۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ نے آٹزم ڈے پر خصوصی پیغام میں کہا آٹزم میں مبتلا بچے مریض نہیں بلکہ خاص لوگ ہیں،پنجاب میں پہلی مرتبہ سپیشل ایجوکیشن اور سپیشل بچوں کو بھی ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے ، سپیشل افراد کیلئے روزگار پروگرام اور رائزنگ سٹار کارڈبرائے سپیشل چلڈرن متعارف کرانے پر کام جاری ہے ، لاہور میں پاکستان کا پہلا سرکاری آٹزم سکول تیزی سے تکمیل کے مراحل طے کر رہا ہے ،آٹزم سکول میں پہلے مرحلے پر تشخیص کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔تین سالہ متاثرہ بچے کو ابتدائی عمر میں ہی آٹزم کی تشخیص سے علاج میں آسانی ہوتی ہے ،مریم نوازنے مزید کہا پہلی مرتبہ پنجاب بھر کے 40 ہزار بچوں کو عید پر گفٹ پیک دئیے گئے ہیں،سپیشل ایجوکیشن مراکز میں خصوصی طور پر 12 آٹزم یونٹ قائم کیے گئے ہیں۔ صوبہ بھر کے 27ڈویژنل پبلک سکولوں میں بھی آٹزم سنٹر قائم کیے گئے ہیں۔ پنجاب میں پہلی مرتبہ سپیشل ایجوکیشن کے بجٹ کی رنگ فینسنگ کی گئی ہے ۔ آٹزم میں مبتلا بچوں کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانا ہمارا عزم ہے۔