پی اے ای سی ملک بھر میں 19 کینسر ہسپتال چلا رہا ہے
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)ڈبلیو ایچ او کے مطابق سال 2022 میں دو کروڑ افراد کینسر کے مرض میں مبتلا ہوئے جبکہ 97 لاکھ افراد جاں بحق ہوئے۔۔۔
پاکستان اٹامک انرجی کمیشن اس وقت ملک بھر میں 19کینسر ہسپتال چلا رہا ہے جبکہ 20واں ہسپتال مظفرآباد (آزادکشمیر) میں زیرتعمیر ہے، نوری ہسپتال اسلام میں کینسر کے علاج کی انتہائی جدید ترین سہولیات میسر ہیں جس کی وجہ سے اس ہسپتال کو جنوبی ایشیا کیلئے اینکر سینٹر کا درجہ دیا جاچکا ہے جو ملک کیلئے ایک بڑا اعزاز ہے، ہسپتال میں منعقدہ ایک میڈیا بریفنگ میں بتایا گیا کہ نوری ہسپتال کا قیام 1983میں عمل میں لایا گیا جو ترقی اور علاج کی انتہائی جدید سہولیات سے آراستہ ہونے کے باعث کینسر جیسے موذی مرض کے مریضوں کیلئے امید کی کرن بن چکا ہے، ہسپتال میں علاج کیلئے ریڈیو تھراپی، کیمو تھراپی اور نیوکلیئر میڈیسن کی جدید سہولتیں موجود ہیں، یہاں سائبر نائف کی جدید ٹیکنالوجی کو بھی کینسر کے علاج کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے۔