C-40کی رکنیت مل گئی،میئرکا کلائمیٹ ایکشن پلان کا اعلان

کراچی (این این آئی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ گلوبل وارمنگ پاکستان کا سب بڑا مسئلہ ہے۔۔
، اس سے دیہی اور شہری علاقے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ کراچی پہلا شہر ہے جس کو کیپ سی 40 کی رکنیت ملی ہے ، یہ ہمارے عزم کو ظاہر کرتا ہے ۔ میئر کراچی نے کراچی کلائمنٹ چینج ایکشن پلان کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ C-40 کی رکنیت کے بعد کراچی کو اس حوالے سے انٹرنیشنل فنڈنگ بھی ملے گی، کلائمنٹ چینج کے لئے کے ایم سی نے 100 ملین روپے انڈومنٹ فنڈز قائم کردیا ہے ،ہم حکومت کے پاس بھی جائیں گے اور حکومت سندھ اور وفاقی حکومت سے بھی درخواست کریں گے کہ وہ اس میں مزید رقم فراہم کریں۔ان خیالات کا اظہار میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے جمعرات کے روز کڈنی ہل پارک میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، میونسپل کمشنر افضل زیدی اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ شہر میں بڑے پیمانے پر کون سے درخت لگنے ہیں، کہاں لگنے ہیں ، پانی کی ضروریات کیسے پوری کرنی ہے ، کاربن فوٹ پرنٹ کو کیسے کنٹرول کرنا ہے ، پانی کو کیسے ری سائیکل کرنا ہے ، سمندری حیات کو کیسے بہتر کرنا ہے ، سستی بجلی کیسے فراہم ہوگی،صنعتی فضلے کو کیسے ٹھکانے لگایا جائے گا ، تمام چیزیں اس ماسٹر پلان میں شامل کی گئی ہیں۔