دوسروں کو خوشیوں میں شریک کرنا ہی عید : عبدالعلیم خان

لاہور(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر مواصلات اور صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ عیدالفطر پر دوسروں کو خوشیوں میں شریک کرنا ہی اصل عید ہے۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے لاہور میں اپنے زیرانتظام چلنے والی فاؤنڈیشن کا دورہ کیا اور کم آمدنی والے خاندانوں میں امدادی رقوم کی تقسیم کاجائزہ لیا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ فاؤنڈیشن میں آنے والے ہرشہری کی عزت نفس کا مکمل خیال رکھا جائے ۔صدراستحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے فاؤنڈیشن کے دورہ کے دوران عملے کو بہترکار کردگی پر شاباش دی اور عید بونس کا اعلان کیا۔سی ای او خالد بشیر نے بریفنگ میں بتایاکہ درخواست دہندہ کوگھر سے آنے اور کیش دینے تک مکمل رہنمائی کی جاتی ہے ،عیدالفطر کے موقع پرضرورت مند خاندانوں میں فاؤنڈیشن سے خصوصی کیش کی تقسیم کی گئی۔عبدالعلیم خان نے فاؤنڈیشن میں موجود شہریوں سے گفتگو بھی کی اور انہیں عید کی پیشگی مبارکباد دی۔ عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کمپیوٹرائزڈ نظام کے تحت شہریوں کوکیش دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 25 سال سے آپ کے دکھ درد کا ساتھی تھا، ہوں اور انشااللہ رہوں گا۔