پاکستانی روپے میں پہلے پرواز گرین ایکشن بانڈ کا اجرا

پاکستانی روپے میں پہلے پرواز  گرین ایکشن بانڈ کا اجرا

کراچی(بزنس ڈیسک)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ گرین ایکشن بانڈز کا اجرا ماحولیاتی اقدامات کیلئے سرمایہ کاری دوست ماحول کو فروغ دینے کے ہمارے عزم کا ثبوت ہے ۔

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

ان خیالات کا اظہار وزیرخزانہ نے کراچی میں کارانداز پاکستان کے زیر اہتمام پرواز گرین ایکشن بانڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کارانداز پاکستان کے ماتحت ادارے پرواز فنانشل سروسز لمیٹڈ (پی ایف ایس ایل) نے پرواز گرین ایکشن بانڈ اقدام کے تحت ملک کا پہلا پی کے آر کے نام سے گرین بانڈ لانچ کیا ہے ۔یہ بانڈ پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس)میں درج ہونے والا پہلا گرین بانڈ بھی ہے جس کا مقصد ماحول دوست منصوبوں کے لیے سرمائے کو متحرک کرنا اور پاکستان کے گرین انویسٹمنٹ ایکو سسٹم کو مضبوط بنانا ہے ۔افتتاحی تقریب میں محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کی معاشی استحکام کا انحصار پائیدار مالیاتی طریقوں کو اختیار کرنے پر ہے ۔ پہلا پاکستانی روپے میں جاری ہونے والا گرین بانڈ ماحولیاتی مالیات کے فروغ کے لیے متعارف کرایا گیا ہے ۔یہ اقدام نہ صرف مالیاتی شعبے کی تبدیلی سے ہم آہنگ ہے بلکہ بڑے پیمانے پر گرین سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی راہ بھی ہموار کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم ماحولیاتی خطرے کو پاکستان کے لیے ایک بڑا چیلنج بنتے دیکھ رہے ہیں، جس میں سیلاب، بڑھتی ہوئی آلودگی اور پگھلتے گلیشیئر شامل ہیں، جو فوری اقدامات کا تقاضا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ ریسیلینس اینڈ سسٹین ایبلیٹی فیسلٹی (آر ایس ایف) انتظامات پر انتہائی مثبت بات چیت ہوئی ہے ، جو ماحولیاتی تحفظ کے منصوبوں کے لیے طویل مدتی مالی معاونت فراہم کرتی ہے ۔ یہ پہلا موقع ہے کہ ہم نے اس معاملے پر فنڈ سے رجوع کیا اور ردعمل بہت حوصلہ افزا رہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں