امریکی ارکان کانگریس کا 3رکنی وفد اسلام آباد پہنچ گیا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی ارکان کانگریس کا تین رکنی وفد اسلام آباد پہنچ گیا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق امریکی کانگریس کے وفد میں جیک برگمین اور ٹام سوازی بھی شامل ہیں اور یہ وفد 15 اپریل تک پاکستان کا دورہ کرے گا۔
وفد وزیراعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقات کرے گا، اس کے علاوہ وفد اعلیٰ عسکری قیادت سے بھی ملے گا۔ معیشت، تجارت، دفاعی اور عسکری تعلقات، تعلیم کے امور پر بات چیت کرے گا۔ وفد کی مختلف سیاسی جماعتوں کی قیادت سے بھی ملاقات کا امکان ہے ، امریکی وفد آزاد کشمیر اور ایل او سی کا بھی دورہ کرے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی ارکان کانگریس وفد کے دورے کا مقصد پاک امریکا دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینا ہے ۔ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کل امریکی ارکان کانگریس کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے ۔ ادھر امریکی وفد نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سے ملاقات کی ،وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی پائیدار ترقی کے لیے ہنر مند انسانی وسائل کی تیاری ناگزیر ہے ۔ وفد میں نمائندگان تھامس رچرڈ سوزی، جوناتھن ایل جیکسن اور دیگر سینئر امریکی حکام بھی شامل تھے ۔ملاقات میں پاک امریکہ دو طرفہ تعلقات کے فروغ بالخصوص ترقیاتی تعاون اور مختلف شعبوں میں مستقبل کی شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ پاکستان کے طویل المدتی اور وسیع البنیاد تعلقات، خارجہ پالیسی کا ایک اہم ستون ہیں۔ ان تعلقات کی مضبوطی خطے کے استحکام اور عالمی امن کے لیے نہایت اہم ہے ۔ امریکی کمپنیوں کی دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہوں نے پاکستانی نوجوانوں کو سب سے قیمتی اثاثہ قرار دیا۔ جو چیلنجز کو مواقع میں بدل سکتے ہیں۔