چنیوٹ:ٹی بی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام آگاہی سیمینار

چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )تپ دق(ٹی بی)سے آگاہی کے عالمی دن کے موقع پرڈسٹرکٹ ٹی بی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام آگاہی سیمینار منعقد ہوا۔
ڈپٹی کمشنر صفی اﷲ گوندل نے خصوصی شرکت کی،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال ڈاکٹر احمد خان،سیکرٹری ٹی بی ایسوسی ایشن شوکت آزاد ودیگربھی موجودتھے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ٹی بی قابل علاج بیماری ہے جس کے لئے اچھی غذا اور صحت مند ماحول کا ہونا ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹی بی سے بچنے کے لئے تمام تر احتیاطی تدابیر پر ذمہ داری سے عمل پیرا رہا جائے ۔ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ سرکاری سطح پر تپ دق کے علاج معالجہ کی بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے ۔اس مرض میں مبتلا مریضوں کو تشخیص،علاج اور ادویات مفت فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹی بی کے عالمی دن کو منانے کا مقصد لوگوں میں اس مرض سے بچاؤ اور علاج کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صحت عامہ کے شعبہ کے متعلقہ ماہرین ٹی بی کی روک تھام کے لئے اقدامات جاری رکھیں،شہری علامات ظاہر ہونے پر فوری ہسپتال سے رجوع کریں۔سیکرٹری ٹی بی ایسوسی ایشن نے کہا کہ ٹی بی کے مریضوں کا ہر ممکن علاج کیا جارہا ہے ۔اس موقع پر ٹی بی کے مریضوں میں راشن بھی تقسیم کیا گیا جبکہ ڈپٹی کمشنر کو ضلع میں مثالی خدمات کے اعتراف میں گولڈ میڈل دیا گیا۔